ویمن کرکٹ،پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے میں شکست دیدی

ویمن کرکٹ،پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے میں شکست دیدی

 شارجہ (سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ویمن کرکٹ چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے میچ میں 5 وکٹوں سے ہرا کر دو پوائنٹس حاصل کر لئے۔ گرین شرٹس کو سیریز میں 1-0 کی برتری بھی حاصل ہو گئی۔ فاتح ٹیم نے 179 رنز کا ہدف 48.4 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کیا۔ مرینا اقبال نے 69 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ندا ڈار 37 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔ جمعہ کو شارجہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں سری لنکن ٹیم کی کپتان چماری اتا پتو نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 178 رنز بنائے، اتا پتو 49 اور دیلانی 43 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ سریپالی 28 اور مدوری 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ ثناء میر اور سعدیہ یوسف نے 2، 2 جبکہ سمیعہ صدیقی، ندا ڈار اور بسمعہ معروف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستانی ویمن ٹیم نے مرینا اقبال کی شاندار نصف سنچری کی بدولت مطلوبہ ہدف 49 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 5 وکٹوں پر حاصل کیا۔ مرینا نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کی پہلی نصف سنچری مکمل کی اور 69 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہیں۔ جویریہ خان 30، بسمعہ معروف 6، نین عابدی صفر، کپتان ثناء میر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ ندا ڈار 37 اور اسماویہ اقبال 12 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔ اینوکا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی