سڈنی ٹیسٹ،کینگروز نے 6وکٹوں پر251رنز بنا کر 384کی برتری حاصل کر لی

سڈنی ٹیسٹ،کینگروز نے 6وکٹوں پر251رنز بنا کر 384کی برتری حاصل کر لی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                 سڈنی (سپورٹس ڈیسک) کرس راجرز، سٹیون سمتھ اور جوئے برنز کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 251 رنز بنا لئے تھے، کینگروز کو مہمان ٹیم کے خلاف مجموعی طور پر 348 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ سمتھ 71، راجرز 56 اور جوئے برنز 66 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ بریڈ ہیڈن 31 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ایشون نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ قبل ازیں بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 475 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی تھی۔ کپتان کوہلی 147 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، ایشون نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ مچل سٹارک نے 3 جبکہ رائن ہیرس، نیتھن لائن اور شین واٹسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ جمعہ کو سڈنی ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارتی ٹیم نے 342 رنز 5 کھلاڑی آﺅٹ پر اپنی پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو کوہلی 140 اور وریدمن ساہا 14 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے پانچویں اوور میں رائن ہیرس نے کوہلی کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، وہ 147 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ ساہا 35 رنز بنا کر ہیزلووڈ کی گیند کا نشانہ بنے، 448 رنز پر بھارت کی آٹھویں وکٹ گری جب بھنشور کمار 30 رنز بنا کر نیتھن کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، ایشون نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ففٹی مکمل کرنے کے بعد سٹارک کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے، 475 رنز پر بھارت کی آخری وکٹ گری جب یادو 4 رنز بنا کر ہیرس کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے۔ سٹارک نے 3 جبکہ ہیرس، لائن اور واٹسن نے دو، دو اور ہیزلووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ کینگروز ٹیم کی دوسری اننگز کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ رہا اور 46 رنز پر اسے وارنر اور واٹسن کا نقصان اٹھانا پڑا، وانر 4 اور واٹسن 16 رنز بنا کر چلتے بنے، کرس راجرز نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیک ٹو بیک چھٹی نصف سنچری مکمل کی اور 56 رنز بنا کر بھنشور کمار کی گیند کا نشانہ بنے، مارش بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، کپتان سٹیون سمتھ نے ایک بار پھر عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 71 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر شامی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، جوئے برنز نے ہیڈن کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 251 رنز تک پہنچا دیا تاہم برنز آخری اوور میں 66 رنز بنا کر ایشون کا شکار بنے، ہیڈن 31 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ ہیرس نے ابھی رنزوں کا کھاتہ نہیں کھولا۔ ایشون نے 4 جبکہ بھنشور کمار اور محمد شامی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔