ورلڈ کپ سے قبل قومی کرکٹرز کو ذہنی اور نفسیاتی طور پر بھی تیار کیا جائیگا

ورلڈ کپ سے قبل قومی کرکٹرز کو ذہنی اور نفسیاتی طور پر بھی تیار کیا جائیگا ...

                                    لاہور ( سپورٹس رپورٹر )آئندہ ماہ شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 13سے 17جنوری تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوگا۔ پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ میں دو ون ڈے میچز کھیلنے کےلئے 21 جنوری کو نیوزی لینڈ روانہ ہوگی اور اس کے بعد ورلڈ کپ کا پہلا میچ 15فروری کو بھارت کی ٹیم کے خلاف ایڈیلیڈ میں کھیلے گی۔ ورلڈ کپ کےلئے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں کپتان مصبا ح الحق ،احمد شہزاد ،محمد حفیظ ،سرفراز احمد ،یونس خان ،حارث سہیل ،عمر اکمل ،صہیب مقصود ،شاہد آفریدی ،یاسر شاہ ،محمد عرفان ،جنید خان ،احسان عادل ،سہیل خان اور وہاب ریاض شامل ہیں ورلڈ کپ سے قبل قومی کرکٹرز کو ذہنی اور نفسیاتی طور پر بھی تیار کیا جائے گا۔ ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کے لئے ماہر نفسیات کے ساتھ دو لیکچرز کا اہتما م کیا گیا ہے۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق13سے 17جنوری کے دوران کھلاڑیوں کو ماہر نفسیات قومی اکیڈمی لیکچر دیں گے۔ اینٹی کرپشن اور اینٹی ڈوپنگ لیکچرز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان بھی روانگی سے قبل کھلاڑیوں سے الوادعی ملاقات کریں گے اور میگا ایونٹ کی مناسبت اور قوم کی توقعات کے حوالے سے کرکٹرز کوخاص مشورے اور لیکچر دیں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی