کم آمدنی والے طبقے کیلئے ہیلتھ انشورنس کارڈ سکیم شروع کریں گے،ہارون سلطان

کم آمدنی والے طبقے کیلئے ہیلتھ انشورنس کارڈ سکیم شروع کریں گے،ہارون سلطان

لاہور(نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید ہارون سلطان بخاری نے کہا کہ حکومت ہیلتھ انشورنس کارڈ سکیم شروع کرے گی جس کی بدولت کم آمدنی والے افراد سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ بہترین نجی طبی اداروں میں بھی علاج کی مفت سہولت حاصل کر سکیںگے- کم وسیلہ افراد کوطبی سہولیات و ادویات کی بلا معاوضہ فراہمی کے لئے8ارب 75 کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیںجبکہ گردے کے مریضوں کے لئے ڈائلسز کی سہولت برقرار رکھتے ہوئے گزشتہ سال کی نسبت دگنا بجٹ 60 کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹرز کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر پنجاب نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز و وزیٹرز اور پیرامیڈکس کے کردار کو مزیدفعال بنایا جائے گا ۔

کیونکہ ہر 10 ہزار ماﺅں میں سے 500 مائیں دوران زچگی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں،اسی طرح 1000 بچوں میں سے 77 بچے دوران پیدائش وفات پا جاتے ہیں - انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی سے کئی سماجی مسائل پیدا ہورہے ہیںاسی لئے حکومت نے عوام کو پاپولیشن ویلفیئر پروگرامز سے آگاہی اور مستفید ہونے کے لئے صوبہ میں 15 سو فیملی ویلفیئر سنٹرز ، 117 موبائل سروس یونٹس، 118 فیملی ہیلتھ کلینک، 1456 سوشل موبلائزرزودیگر سہولیات کی خدمات فراہم کی ہیں - انہوں نے کہا کہ حکومت نے ماں اور بچوں خصوصاً نوزائیدگان کی صحت اور انہیں جدید طبی سہولتیں دینے کے لئے مختلف ڈونر اداروں کے تعاون سے کئی منصوبوںکا آغاز کیا ہے اور نوزائیدہ بچوں کوطبی سہولیات وادویات کی بلاتعطل فراہمی کے لیے 1.80۔ارب رو پے کے فنڈزجبکہ صوبہ میں بچوں کے نئے تین ہسپتال قائم کرنے کے لئے12ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے جائیں گے ۔

انہوںنے کہاہے کہ صوبائی حکومت نے ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنے کے لئے شعبہ صحت اور تعلیم کے لئے ریکارڈ فنڈز فراہم کئے ہیںجبکہ ترقی پذیر اضلاع خصوصا جنوبی پنجاب کے علاقوں کے لئے موبائل ہیلتھ یونٹس فراہم کئے جائیں گے-

مزید : میٹروپولیٹن 1