پیرامیڈیکل سٹاف نے 14 جنوری کو احتجاجی ریلی کی کال دیدی

پیرامیڈیکل سٹاف نے 14 جنوری کو احتجاجی ریلی کی کال دیدی

لاہور ( جنرل رپورٹر) پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن نے مطالبات تسلیم نہ ہونے پر14 جنوری 2014ءکو جیل روڈ بند کر کے احتجاجی ریلی نکالنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس بات کا اعلان گزشتہ روز سروسز ہسپتال میں منعقدہ پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے اجلاس میں کیاگیا، جس کی صدارت صوبائی چیئرمین یوسف بلا نے کی۔ اجلاس میں لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے پیرا میڈیکل سٹاف کے ممبران و عہدیداران اور کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی چیئرمین یوسف بلا نے کہا کہ پنجاب حکومت وعدوں کے باوجود ہسپتالوں کے ملازمین کو سکیل ایک تا 15 کے ملازمین کوسروس سٹرکچر نہیں دے رہی جو کہ سراسر زیادتی ہے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ذاتی طورپر دلچسپی لے کر مسئلہ حل کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ ہسپتالوں کی انتظامیہ کی جانب پیرا میڈیکل سٹاف کے ساتھ انتقامی کارروائیاں بھی ناقابل برداشت ہیں۔ یوسف بلا نے کہاکہ بار بار یاد دہانیوں اور پنجاب حکومت کے بار بار وعدوں کے باوجود ہمارے مطالبات پورے نہیں کیے جا رہے ، جس میں ظاہر ہوتاہے کہ پنجاب ہٹ تھرمی پر عمل پیرا ہے جو اسے ترک کرنا ہو گا، اب مجبور ہو کر 14جنوری کو احتجاجی ریلی کی کال دے دی ہے۔ جس میں احتجاجاً جیل روڈ بند کرے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور بعد ازاں دھرنا بھی دیا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1