ایل ڈی اے اور نجی کمپنی کے مابین بی او ٹی کی بنیاد پر ترقیاتی منصوبہ مکمل کرنے کا معاہدہ

ایل ڈی اے اور نجی کمپنی کے مابین بی او ٹی کی بنیاد پر ترقیاتی منصوبہ مکمل کرنے ...

لاہور(اپنے نمائندہ سے) پنجاب میں نجی سرمائے سے بی او ٹی کی بنیاد پر پہلا ترقیاتی منصوبہ مکمل کرنے کےلئے گزشتہ روز لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور نجی کمپنی کے درمیان معاہدہ پر دستخط کئے گئے جس کے تحت نجی کمپنی 3ارب روپے سے کاہنہ کاچھا،ڈیفنس روڈ ریلوے کراسنگ پر ڈیڑھ کلومیٹر طویل فلائی اوور تعمیر کرے گی ۔ نجی شعبے کی سرمایہ کاری سے پہلا ترقیاتی منصوبہ مکمل کرنے کا یہ معاہدہ حکومت پنجاب اور ایل ڈی اے پر نجی شعبے کے اعتماد کا مظہر ہے ۔ معاہدے کے تحت تعمیراتی لاگت کا سو فیصد نجی کمپنی برداشت کرے گی جبکہ ایل ڈی اے منصوبے کے لئے درکار اراضی ایکوائر کرنے کے علاوہ یوٹیلٹی سروسز کی منتقلی کا ذمہ دار ہوگالاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احد خان چیمہ کی زیر نگرانی ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن ایل ڈی اے خالد پرویز اور کاہنہ فلائی اوور پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے ڈائریکٹر وسیم افضل نے معاہدے پر دستخط کئے ۔ پچاس فٹ چوڑا یہ فلائی اووردو طرفہ راستے کے لئے ہو گا اور ہر راستہ دو لین پر مشتمل ہوگا یہاں سے روزانہ نو ہزار گاڑیاں گزریں گی اس پر پیدل چلنے والوں کے لئے بھی دونوں طرف 6فٹ چوڑے فٹ پاتھ بنائے جائیں گے ۔ نجی کمپنی فلائی اوور سے گزرنے والی گاڑیوں سے ٹال ٹیکس وصول کر کے پچیس سال کی مدت میں اپنا سرمایہ واپس حاصل کر لے گی ۔ڈیفنس روڈ -ملتان روڈ ‘رائے ونڈ روڈ‘فیروز پور روڈ اور ڈی ایچ اے کے درمیان اہم رابطہ سڑک ہے ۔پاکستان ریلوے کی مین لائن پر ٹرینوں کے گزرنے کی وجہ سے بکثرت اس کراسنگ کے گیٹ بند کرنا پڑتے ہیں جس کی وجہ سے ڈیفنس روڈ کی ٹریفک کو طویل انتظار کرنا پڑتا ہے اور مسافروں کا قیمتی وقت اور ایندھن ضائع ہوتا ہے ۔ فلائی اوور اس جنکشن پر ٹریفک کے بہاﺅ کو آسان کرے گا

مزید : میٹروپولیٹن 1