پاکستان کی یورپ اور امریکہ کو کاٹن اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں کمی

پاکستان کی یورپ اور امریکہ کو کاٹن اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں کمی

کراچی(اکنامک رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کی یورپ اور امریکہ کو کاٹن اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں کمی واقع ہوئی ہے اب امریکہ کی مارکیٹ پر بھارت‘ بنگلہ دیش‘ ویتنام و دیگر ملکوں نے اپنے قدم جمالئے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کی حالیہ ریلیز کی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات زیادہ تر مقامی سطح پر پیدا ہونے والی کاٹن سے تیار ہوتی ہیں جبکہ یورپ اور امریکہ کی مارکیٹ میں فائبر اور سینتھیٹک سے تیار کی جانے والی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے ٹیکسٹائل ملز مالکان کو چاہئے کہ وہ ٹیکسٹائل مصنوعات میں کاٹن کے علاوہ فائبر بھی استعمال کریں۔ امریکی اور یورپین ممالک کاٹن کی بجائے فائبر سے بنی ہوئی اشیاءکو ترجیح دیتے ہیں۔ پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو چاہئے کہ وہ دور جدید کے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالے۔ اگر پرانے طریقہ کار پر انحصار کیا گیا تو امریکہ اور یورپ کی مارکیٹ پاکستان کے ہاتھ سے نکل جائے گی۔ فائبر نہ ہونے کے باعث پاکستان یورپین یونین کی طرف سے جی ایس پی کا رتبہ پانے کا بھی خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھا سکے گا۔

مزید : کامرس