ٹیوٹا اداروں میں1042 نئے اساتذہ بھرتی کرینگے ‘ عرفان قیصر شیخ
لاہور ( کامرس رپورٹر)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی ( ٹیوٹا ) صوبہ بھر میں اپنے اداروں کے لئے 1042 اساتذہ بھرتی کرے گی۔ نئی بھرتی ٹیوٹا اداروں کے گریڈ 14 سے گریڈ 17کی خالی اسامیوں پر کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا اداروں میں نئے اساتذہ کی بھرتی کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میںچیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔عرفان قیصر شیخ نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ٹیوٹا انسٹی ٹیوٹس میں تدریسی عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے نئی بھرتی کی اجازت دے دی ہے ۔نئی تعیناتیوں سے ٹیوٹا اداروں کی کارکردگی بہتر ہو گی۔بھرتی کے طریقہ کار کے مطابق 65فیصد مارکس تعلیمی قابلیت،10 فیصدمارکس زائد اعلی تعلیمی قابلیت، 20فیصدمارکس این ٹی ایس اسلام آباد کے زیر انتظام ٹیسٹ اور صرف 5فیصد مارکس انٹرویو کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ بھرتی کے صاف اور شفاف طریقہ کار سے مستحق ،متحرک اور ذہین زنانہ و مردانہ افراد بھرتی ہونگے اور اس اقدام سے صوبہ بھر میںبے روزگاری کو کم کرنے میں مددگار ملے گی۔جواد احمد قریشی نے چیئرپرسن ٹیوٹا کواساتذہ بھرتی کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ امیدوار اپنی درخواست مجوزہ فارم پر براہ راست نیشنل ٹیسٹنگ سروس ہیڈ کوارٹر اسلام آباد بھجوائیں گے۔درخواست وصولی کی آخری تاریخ 30جنوری 2015رکھی گئی ہے۔پنجاب کے ڈومیسائل رکھنے والے مردانہ و زنانہ امیدوار درخواست دینے کے اہل ہونگے۔ مرد امیدواروں کے لئے عمر کی حد زیادہ سے زیادہ35 سال جبکہ خواتین امیدواروں کیلئے عمر کی حد 38 سال رکھی گئی ہے۔صوبہ بھر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹر ، تحصیل اور دیگر مقامات پر تعداد کی مناسبت سے ٹیسٹ منعقد کئے جائیں گے ۔مزید معلومات کے لیے امیدوارٹیوٹا کی ویب سائٹ www.tevta.gop.pkاوراین ٹی ایس کی ویب سائٹ :www.nts.org.pkکو وزٹ کریں۔