اپیرل پارک میں سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولتیں فراہم کی جائیں گی،شہباز شریف

اپیرل پارک میں سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولتیں فراہم کی جائیں گی،شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(پ ر)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر اسماعیل راہو کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پارٹی معاملات اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت اجتماعی مشاورت اور مشترکہ کاوشوں سے ملک کو دہشت گردی، توانائی بحران اوردیگر مسائل سے نجات دلانے کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ دہشت گردی اورتوانائی بحران کا خاتمہ کئے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحدہو چکی ہے۔پاکستان کا ہر شہری ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ چاہتا ہے۔ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا بھرپورکردار ادا کرنا ہے۔ معصوم بچوں کو شہید کرنے والے درندوں کا ناپاک وجود دھرتی سے ختم کرکے ہی دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں انسداد دہشت گردی فورس تشکیل دی ہے اور اس خصوصی فورس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدیدانداز میں تربیت دی جا رہی ہے۔ دہشت گردوں نے ملک کو نہ صرف ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے بلکہ معصوم بچوں کو بدترین سفاکیت کا نشانہ بنا یا ہے اور ماؤں کی گودیں اجاڑنے والے وحشی درندوں کا عبرتناک انجام رہتی دنیا دیکھے گی، یہ بہت جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے اور انشاء اللہ ملک امن کا گہوارہ بنے گا اور ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے توانائی بحران کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ہائیڈل، سولر اور دیگر ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں پنجاب حکومت اپنے وسائل سے 100 میگاواٹ کا سولر منصوبہ لگا رہی ہے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود ، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور شہریو ں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے متعدد پروگرام کامیابی سے جاری ہیں۔ حکومت پنجاب نے 31 ارب روپے کی خطیر رقم سے بیروزگار نوجوانوں کو ’’اپنا روزگار سکیم‘‘ کے تحت آسان اقساط پر گاڑیاں دے کر باعزت روزگار فراہم کرنے کے پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ اس سکیم سے 50 ہزار خاندان مستفید ہوں گے۔ لاہور میں میٹرو بس سروس کے ذریعے روزانہ پونے دو لاکھ افراد مستفید ہو رہے ہیں اور اب تک 10کروڑ سے زائد افراد میٹروبس سروس کی سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت صوبے میں اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ ان کی عبادت گاہو ں اور مقدس مقامات کی حفاظت اور دیکھ بھال کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو ریلیف کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ ملاقات کرنے والے وفد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر نائب صدر شاہ محمد شاہ، میڈیا کوآرڈینیٹر خالد حسین شیخ، مسلم لیگ (ن) سندھ کے اقلیتی ونگ کے صدر ڈاکٹر شام سندر اور ممبر مہیش کمار شامل تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، ملکی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاریخ کے نازک اور کٹھن دور سے گزر رہا ہے۔ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کے خون کے طفیل پوری قوم دہشت گردی کے خلاف ایک ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اتحاد اور اتفاق ہی سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے ناسور کا خاتمہ ممکن ہے۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور اس کی بقا کیلئے لڑی جانے والی جنگ بھی ہم سب نے مل کر لڑنی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کیلئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔آئندہ نسلوں کو محفوظ اورپرامن پاکستان دینے کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -