حسن سلوک سے پیش نہ آنیوالے ایڈمن افسران خود کو کسی رعایت کا مستحق نہ سمجھیں: سی سی پی او امین وینس

حسن سلوک سے پیش نہ آنیوالے ایڈمن افسران خود کو کسی رعایت کا مستحق نہ سمجھیں: ...

لاہور ( وقائع نگار خصوصی )سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ شہریوں سے حسن سلوک سے پیش نہ آنے اور ان کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی نہ لینے والے ایڈمن افسران خود کو کسی رعایت کا مستحق نہ سمجھیں کیونکہ تھانوں میں ان کی تعیناتی کا واحد مقصد خوش اخلاقی کا فروغ اور شہریوں کے مسائل کا حل ہے۔انہوں نے شہریوں اور صحافیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ تھانوں میں ایڈمن افسروں کی کارکردگی کے حوالے سے ہمیں ضرور آگاہ کریں تا کہ اس براجیکٹ میں اگر کہیں کمی یا کوتاہی رہ گئی ہو اسے بھی دور کیا جائے۔ انہوں نے چیف ایڈمن افسر محمد عمر ورک ایس پی سی آئی اے کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایڈمن افسروں کی ہفتہ وار کارکردگی کی رپورٹ انہیں باقاعدگی سے بھجوائی جائے تا کہ اچھا کام کرنے والوں کو انعام جبکہ شہریوں کی توقعات پر پورا نہ اترنے والے ایڈمن افسروں کو فارغ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سی آئی اے ماڈل ٹاؤن میں ایڈمن افسران کی ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران اور پولیس اہلکاروں کے لیے تعمیر کی گئی نئی بیرکس اور کینٹین کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

مزید : علاقائی