پرانے پاکستان میں دوسری شادی

پرانے پاکستان میں دوسری شادی
پرانے پاکستان میں دوسری شادی

  

گزشتہ رات مزنگ کے علاقے میں واقع مشہور زمانہ دارالماہی کے قریب سے گزرا تو معمول کے مطابق بے پناہ رش نہ تھا، حیرت ہوئی اور ساتھ ہی خیال بھی سوجھا کہ کیوں نہ مچھلی ہی لے لی جائے ،کیونکہ عام دنوں میں تو یہاں تل دھرنے کو جگہ نہیں ہوتی اور گھنٹوں لائن میں کھڑے ہونا پڑتا ہے ، خیر مچھلی لینے کے لئے پہنچا اور معلوم کیا کہ آج مچھلی خریدنے والوں کا رش کیوں نہیں، ایک منچلا بولا کہ عمران خان کی شادی کی وجہ سے ، پوچھا کہ شادی کا رش سے کیا تعلق تو اس نے وضاحت کی کہ لوگوں کی اکثریت ٹی وی سکرینوں کے ساتھ چپکی ہوئی ہے اس لئے آج مچھلی خریدنے والوں کا رش نہیں ہے!

اس میں شک نہیں کہ عمران خان کی شادی ایک بہت بڑی خبر ہے ، اس بار تو خاص طور پر یہ بڑی خبر ہے، کیونکہ اس کی بہنیں مبینہ طور پر اس شادی پر عمران خان سے ناراض ہیں ، اس کا سیدھا سیدھا مطلب یہ ہے کہ عمران خان کی شادی ہوئی ہے ، اس نے شادی کی نہیں ہے، کیونکہ اگر عمران نے شادی کی ہو تی تو دلہن اس کی بہنیں ڈھونڈتیں ،غالب خیال یہی ہے کہ دلہن نے عمران خان کو ڈھونڈا ہے، شائد اسی لئے عمران خان کی بہنیں ناراض ہیں اور کارکن خوش ہیں، اب بہنیں تبھی خوش ہوں گی جب کارکن ناراض ہوں گے ، ویسے بھی کارکنوں کا کیا ہے، وہ تو اس دن بھی بھنگڑے ڈال رہے تھے جب عمران لفٹر کے ذریعے سٹیج پر چڑھتے ہوئے دھڑام سے زمین پر آگرے تھے ، ایک عمران ہی کیا محترمہ بے نظیر کے کارکن بھی اس وقت بے تحاشا بھنگڑا ڈال رہے تھے جب راولپنڈی میں ان پر گولی چلی تھی !

چونکہ عمران خان ایک Celebrityہیں اس لئے عوام نے ان کی شادی کو ہضم کر لیا ہے ، وگرنہ جس عمرمیں عمران خان نے شادی کی ہے اس عمر میں لوگ دھڑا دھڑ حج اور عمرے کر رہے ہوتے ہیں، تبھی تو لگتا ہے کہ عمران خان نے سیاست کرکے اتنا کمایا نہیں جتنا شادی کر کے گنوالیا ہے، ایسا لگتا ہے کہ عمران محض شادی رچانے کے لئے سیاست میں آئے تھے ، تبھی تو سہاگ رات کے اگلے روز ہی انہوں نے سول نافرمانی کی تحریک کو خیرباد کہتے ہوئے بجلی کا بل جمع کروادیا ہے ،میٹر کی بحالی کی درخواست بھی جمع کروادی ہوگی ، لگتا ہے دلہن نے منہ دکھائی میں بجلی مانگی ہوگی!

عمران کی شادی کے معاملے پر اس کی پارٹی کے لوگ زیادہ تر خاموش ہی رہے ہیں، اکثر تو ٹی وی چینلوں سے بھی غیر حاضر رہے ، اسی طرح ان میں سے کوئی شادی کی تصویروں میں عمران خان سے گلے ملتا بھی نظر نہیں آیا ہے ، لگتا ہے عمران کی اصلی ہی نہیں نقلی بہنیں بھی اس کے فیصلے پر خوش نہیں ہیں، بلکہ ان کے حامی صحافی بھی گلہ کرتے پائے گئے ہیں کہ عمران خان نے انہیں بھی جھوٹے منہ ہی سہی شادی میں شرکت کی دعوت نہیں دی، کپتان کے کئی کالم نگار بھی منہ میں گھنگھنیاں ڈال کر بیٹھے رہے!

اسی کی دہائی میں جب عمران خان کی شادی ہوئی تھی تو زیادہ گفتگو اس کی شادی پر ہوئی تھی ، آج جب اس نے دوسری شادی کی ہے تو زیادہ گفتگو عمران خان پر ہو رہی ہے ، ٹی وی چینلوں پر پہلے خالی عمران خان کی گت بنائی جاتی تھی ، خدشہ ہے کہ آئندہ سے ریحام خان کی بھی بنائی جائے گی، ہم تو شروع دن سے کہتے آرہے ہیں کہ سیاست میں عمران خان تبھی کامیاب ہوگا جب وہ خواتین سے مکمل کنارہ کشی اختیار کرلے گا، یہی وجہ ہے کہ جونہی وہ سیاست میں کامیاب ہونے لگتا ہے مخالفین کوئی نہ کوئی سکینڈل نکال کر لے آتے ہیں ، اب تو پوری شادی کروادی، عمران خان کی حالیہ شادی نے بھی سب کو حیران کردیا ہے ، خود عمران خان کو بھی ، تبھی تو تصویروں میں وہ اس قدر مسکرا نہیں رہے ہیں جس قدر وہ جمائما خان سے شادی کے موقع پر مسکراتے پائے گئے تھے!

اگر عمران خان شادی رچانے سے پہلے نیا پاکستان بنالیتے تو لوگ کہتے کہ عمران خان نے نئے پاکستان میں نئی شادی کی ہے ، ایسی صورت حال نہیں ہونی تھی کہ ہر کوئی کہتا پھر رہا ہے کہ پرانے پاکستان میں عمران خان نے دوسری شادی کرلی، یوں بھی شادی عمران اور ریحام خان کی مجبوری نہ ہوگی، کیونکہ شادی برائے خانہ آبادی ہوتی ہے، جبکہ دونوں اس معاملے خاصے خود کفیل ہیں، ریحام کا بیٹا تو خود شادی کے قابل ہے !

بعض لوگوں کو اعتراض ہے کہ پاکستان کا مسئلہ دہشت گردی تھا عمران خان نے اپنی شادی کو بنادیا، وہ ہمیشہ خبروں میں رہتے ہیں، کیمرے ہر وقت ان کا تعاقب کرتے ہیں ،ا نہیں پاکستان کی لیڈی ڈیانا کہا جا سکتا ہے ، عمران اور ریحام دونوں کو پہلی شادی راس نہیں آئی تھی، سوال یہ ہے کہ جب پہلی شادی راس نہیں آئی تو دوبارہ سے وہی غلطی دہرانے کی کیا ضرورت تھی، کل کا مورخ لکھے گاکہ عمران خان سیاست میں کامیاب جا رہا تھا کہ اچانک اس نے شادی کرلی، خدا معلوم ایئر مارشل اصغر خان نے بھی کوئی ایسی ہی غلطی کی ہو دیکھتے ہی دیکھتے سیاست سے آؤٹ ہو گئے تھے!

مزید : کالم