26 جنوری سے انسداد خسرہ کی خصوصی مہم چلائیں گے،سیکرٹری صحت

26 جنوری سے انسداد خسرہ کی خصوصی مہم چلائیں گے،سیکرٹری صحت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)سیکرٹری صحت پنجاب جواد رفیق ملک نے کہا کہ وبائی امراض خصوصا پولیو کے خاتمہ کیلئے بچوں کے حفاظتی ٹیکوں (EPI) کی روٹین ایمونائزیشن کوریج کے ٹارگٹ کا حصول ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں 26 جنوری سے 9 فروری تک انسداد خسرہ کی خصوصی مہم چلائی جائے گی جس کے دوران 6 ماہ سے 10 سال تک کی عمر کے 28.8 ملین بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔انہوں نے یہ بات ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ پنجاب کے دفتر میں ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز،عالمی ادارہ صحت، بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن،یو ایس ایڈ اور یونیسف کے نمائندوں کے علاوہ تمام اضلاع کے ای ڈی اوز ہیلتھ اورمختلف ہیلتھ پروگراموں کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔سیکرٹری صحت نے ہدایت کی کہ تمام افسران روٹین ایمونائزیشن پر خصوصی توجہ دیں۔ سیکرٹری صحت نے کہا کہ محکمہ صحت میں سزا وجزاء کے نظام پر سختی سے عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی کے حامل ضلعی افسران کی حوصلہ افزائی کے ساتھ خراب کارکردگی والے افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ نے اس موقع پر افسران سے کہا کہ انسداد خسرہ مہم کے دوران ری ایکشن میں استعمال ہونے والی ادویات ٹیکے لگانے والی ٹیموں کے ہمراہ ضرور رکھیں تاکہ اگر کسی بچے میں ویکسین کا ری ایکشن پایا جائے تو فوری طور پر اس کا سدباب کیا جا سکے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ نے مزید بتایا کہ تمام ای ڈی اوز ہیلتھ کو انسداد خسرہ مہم کے بارے آگاہی کے لئے ایڈوکیسی سیمینارز تحصیل کی سطح پر منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جو 22 جنوری سے شروع کئے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں پبلسٹی میٹریل،پوسٹرز،بینرز،پمفلٹس وغیرہ پہلے ہی تمام اضلاع کو بھجوا دئیے گئے ہیں اور 24 جنوری کو لاہور میں پرانشل انسداد خسرہ کانفرنس الحمرا میں منعقد کرنے کا اہتمام بھی کیاگیا ہے۔سیکرٹری صحت نے ہدایت کی کہ انسداد خسرہ مہم میں حصہ لینے والے ویکسینیٹرز، انجیکٹرز کی تربیت جلد ازجلد مکمل کر لی جائے اور ٹیکے لگانے والی کسی ٹیم میں بھی کوئی غیر تربیت یافتہ اہلکار شامل نہ کیا جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 12 جنوری سے14 جنوری تک انسداد پولیو کی قومی مہم بھی چلائی جائے گی جس کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ سیکرٹری صحت نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں پولیو کوریج کے ٹارگٹ کے 100 فیصد حصول کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ای ڈی اوز ہیلتھ کو ہدایت کہ کہ وہ پولیو ٹیموں کو سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے اپنے اپنے ضلع کے ڈی سی او اور ڈی پی اوسے قریبی رابطہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف نے پولیو ٹیموں کی سکیورٹی فول پروف بنانے کے لئے آئی جی پولیس کو پہلے ہی واضح ہدایات جاری کر دی ہیں اور ڈی سی او اور ڈی پی او پولیو ٹیموں کو سیکورٹی فراہم کرنے کے پابند ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -