اووسیزپاکستانی ملکی ترقی کیلئے ہروقت کردار اداکرنے کے لیے تیار ہیں،گورنر پنجاب

اووسیزپاکستانی ملکی ترقی کیلئے ہروقت کردار اداکرنے کے لیے تیار ہیں،گورنر ...

لاہور(نمائندہ خصوصی )گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ اووسیزپاکستانی دنیا کے کسی بھی حصے میں ہوں ان کے دل پاکستان میں ہوتے ہیں اور وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہروقت اپنا کردار اداکرنے کے لیے تیارہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کے مسائل حل کرنے کے لیے اووسیز پاکستانی کمیشن کا قیام ایک احسن اقدام ہے جس سے ملکی معیشت میں اووسیز پاکستان کے کردار کو مزید فعال بنانے میں مدد ملے گی۔ ان خیالا ت کا انہوں نے کمشنر اوورسیز پاکستانی افضال بھٹی سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانی کمیشن کیپٹن (ر) شاہین بٹ بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اس وقت پندرہ ارب سے زائد کا زرمبادلہ اوورسیز پاکستانیز کی مرہون منت ہے تاہم اس میں مزید اضافہ ممکن ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ اگر اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں سا ز گار ماحول فراہم کیا جائے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ پندرہ ارب ڈالر کے زرمبادلہ کو پچیس ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دوسرے ملکوں میں مقیم پاکستانی بلا شبہ اپنے ملک میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیتے ہیں اور وہ عام شہری کے مقابلے میں دوگنا زیادہ پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر ہیں اور پاکستان کے بہتر امیج کے لیے دنیا بھر میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔ گورنر پنجاب نے توقع ظاہر کی کہ اوورسیز پاکستانی کمیشن ایک ایساپلیٹ فارم ثابت ہو گا جو پاکستان او وسیز کے درمیان ایک رابطے کا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کے حل کے لیے بھی مدد گار ثابت ہو گا۔اس موقع پر کمشنر اوورسیز پاکستانی افضال بھٹی نے اوورسیز پاکستانی کمیشن کے حوالے سے مختلف پروگراموں کے بارے میں گورنر پنجاب کو بریف کیا ۔

مزید : صفحہ آخر