بچوں اور خواتین کیساتھ زیادتی کے واقعات حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے،محمود الر شید

بچوں اور خواتین کیساتھ زیادتی کے واقعات حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے،محمود ...

لاہور(نمائندہ خصوصی ) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الر شید نے کہا ہے کہ پنجاب میں جنگل کا قانون نظر آرہا ہے ‘بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات حکمرانوں کی گورننس کے منہ پر طمانچہ ہے ‘(ن) لیگ پنجاب میں صر ف شوبازیاں کر رہی ہے ‘پنجاب میں کسی کی جان ومال اور عزت محفوظ نہیں ‘(ن) لیگ ڈنگ ٹپاؤ پا لیسی سے قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتی ‘حکمران عوامی مسائل حل نہیں کرسکتے تو فوری اقتدار چھوڑ دیں عوام انکو مزید برداشت کر نے کیلئے تیار نہیں ‘حکومت نے دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشنل کمیشن نہ بنایا تو 18جنوری کے بعد حالات حکو مت کے کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے ۔ اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الر شید نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکو مت آج بھی دھاندلی کی تحقیقات سے خوفزدہ ہے اس لیے وہ جوڈیشل کمیشن کے قیام سے بھاگ رہی ہے لیکن ہم انکو کسی صورت بھاگنے نہیں دینگے بلکہ ان سے دھاندلی کا ہر صورت حساب لیا جا ئیگا اور عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان بننے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے عام انتخابات میں قوم سے عوامی مسائل مہینوں میں حل کر نے کا وعدہ کیا لیکن انکے اقتدار میں آنے کے بعد عوامی مسائل حل نہیں ہو ئے بلکہ ان میں اضافہ ہوا ہے جسکی وجہ سے عوام کے صبر کے پیمانہ بھی لبر یز ہو چکا ہے اور حکو مت کو چاہیے کہ وہ عوام کو بے وقوف بنانے کی بجائے عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنائے ۔

مزید : صفحہ آخر