زرداری سات سال بعد کل کسی شادی کی تقریب میں شرکت کریں گے
لاہور( شہزاد ملک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سات سال بعد کل اتوار کو اپنی رہائش گاہ واقع بلاول ہاؤس لاہور میں کسی شادی کی تقریب میں شرکت کریں گے ۔ وہ شادی کی اس تقریب میں میز بان کی حیثیت سے شریک ہوں گے ۔واضح رہے کہ 27دسمبر 2007کو پیپلز پارٹی کی چیر پرسن بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آصف علی زرداری نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ بی بی شہید کی شہادت کی وجہ سے فی الحال کسی بھی شادی کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے اور انہوں نے اپنے اس فیصلے پر بھرپور عمل کرتے ہوئے ان سات سالوں میں اپنی پارٹی کے کسی بھی بڑے راہنماؤں کے بچوں کی ہونے والی شادیوں میں شرکت نہیں کی لیکن اب سات سال بعد انہوں نے خود اپنی پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور اپنے با اعتماد ساتھی چو دھری ذکاء اشرف کے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ کی تقریب کا بطور میز بان اہتمام بلاول ہاؤس لاہور میں کررکھا ہے اور اس تقریب کی خاص بات یہ ہے کہ اس دعوت ولیمہ میں شرکت کے لئے دعوتی کارڈز بھی سابق صدر کی طرف سے بھجوائے گئے ہیں ۔پیپلز پارٹی پنجاب کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے تمام اہم عہدے داروں کو دعوت ولیمہ کے کارڈز بھجوائے گئے ہیں اور دعوت ولیمہ کی یہ تقریب کل اتوار کی شام سات بجے سے لیکر رات دس بجے تک بلاول ہاؤس لاہور میں منعقد ہو گی جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔