قاتلوں کیساتھ کسی قسم کا معاہدہ شہداء کے خون سے غداری ہے،ترجمان قائد ملت جعفریہ

قاتلوں کیساتھ کسی قسم کا معاہدہ شہداء کے خون سے غداری ہے،ترجمان قائد ملت ...

لاہور (سٹاف رپورٹر)ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان نے تکفیری و دہشت گرد گروہ سے کسی بھی قسم کی ڈیل کی یکسر تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ قوم کے قاتلوں کے ساتھ کسی قسم کا معاہدہ شہداء کے خون سے غداری ہے، تکفیریوں کے ساتھ معاہدہ تو درکنار بیٹھنا تک گوارہ نہیں، ذمہ داری کا مظاہر کرتے ہوئے من گھڑت پراپیگنڈے سے گریز کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شائع ہونے والی خبر کی پرزور الفاظ میں تردید کرتے ہوئے کیا۔ترجمان نے کہاکہ تحریک جعفریہ پاکستان کا دامن اس قسم کی آلائشوں سے ہمیشہ پاک رہا ہے اور توازن کی پالیسی کے تحت ہمیں تکفیریوں اور دہشت گردوں کے ساتھ بریکٹ کیا جاتا رہا ہے تحریک جعفریہ پاکستان کے حوالے سے کوئی مجرم جیل میں نہیں ہے ہمارا ہمیشہ سے دوٹوک اور واضح موقف رہاہے کہ ملک میں اسی وقت صحیح معنوں میں امن قائم کیاجاسکتا ہے جب معصوم انسانی جانوں کے قاتلوں، سرپرستوں اور سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ تکفیری و دہشت گردوں کے ساتھ بات چیت بھی شہداء کے خون سے غداری تصورکرتے ہیں تو ان سے معاہدہ کس طرح کیا جاسکتاہے؟۔ ترجمان نے مزید کہاکہ ہم اکرام الحق عرف لاہوری جیسے دہشت گرد کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہوئی، تحریک جعفریہ کا کوئی عہدیدار اور رکن اس قسم کا اقدام قطعاً نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس سلسلے میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اس طرح کی خبروں کی اشاعت یا چلانے سے قبل ضرور استفسارکرکے تصدیق کی جائے یہی صحافتی اصولوں اور اقدار کا تقاضا بھی ہے۔

مزید : صفحہ آخر