سلمان بٹ اور محمد آصف آج قومی کرکٹ ٹورنامنٹ میں واپڈا کی طرف سے میدان میں اترینگے

سلمان بٹ اور محمد آصف آج قومی کرکٹ ٹورنامنٹ میں واپڈا کی طرف سے میدان میں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( این این آئی)سپاٹ فکسنگ میں سزایافتہ کرکٹرز سلمان بٹ اور محمد آصف پانچ سال کے بعد آج ( اتوار) کو قومی ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں واپڈا کی طرف سے فاٹا کے خلاف حیدرآباد میں میچ کھیلیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ پابندی ختم ہونے کے بعد واپسی دونوں کرکٹرز کا قانونی حق ہے۔ان دونوں کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی آئندہ ماہ ہوگی اور قومی ٹیم میں ان کی شمولیت کا انحصار فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی کارکردگی پر ہوگا۔یاد رہے کہ سلمان بٹ محمد آصف اور محمد عامر 2010 میں انگلینڈ کے دورے میں سپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے جس پر آئی سی سی نے تینوں کرکٹرز پر پانچ سالہ پابندی عائد کردی تھی۔ جبکہ لندن کی عدالت نے بھی سلمان بٹ کو ڈھائی سال، محمد آصف کو ایک سال اور محمد عامر کو چھ ماہ کی سزا سنائی تھی۔تینوں کرکٹرز پر پابندی چار ستمبر کو ختم ہوئی تھی۔ تاہم آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ سے تعاون کرنے پر محمد عامر کو پابندی کی مدت ختم ہونے سے قبل ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی تھی۔سلمان بٹ اور محمد آصف نے چونکہ تاخیر سے اپنا جرم قبول کیا تھا لہٰذاان کا بحالی کا پروگرام دیر سے شروع ہوا تھا جس کا کافی حصہ اب یہ دونوں کرکٹرز مکمل کرچکے ہیں اس لیے انہیں بھی ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔