اسلامی تعلیمات میں اخوت و بھائی چارے کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے،نازیہ توحید
لاہور(لیڈی رپورٹر) جماعتِ اسلامی پاکستان فہم القران انسٹی ٹیوٹ کے زیرِ اہتمام سیرت النبی کانفرس منعقد کی گئی جس میں نائب ناظمہ ضلع لاہور نازیہ توحید نے کہا کہ نبی کی تعلیمات زندگی کے ہر شعبے میں انسانوں کو عملی ہدایت فراہم کرتی ہیں۔ اسلام کی عمومی تعلیمات میں اخوت اور بھائی چارے کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔دین خیرخواہی کا نام ہے۔ نبی محترم کی تعلیمات کی روشنی میں ناداروں کی مالی مدد کی جائے اور مسلمانوں کے عیوب کی پردہ دری نہ کی جائے۔ عدل و انصاف پر قائم معاشرے کو تشکیل دیا جائے اور ایسا نظام معیشت قائم ہو جو سارے نسلی اور مذہبی امتیازات سے بالاتر ہو کر محتاج اور ضرورت مند کو سہارا پہنچائے۔ خطاب کے بعد نعت خوانی اور تقاریر کا مقابلہ ہوا۔ نوجوان نسل نے اپنی تقاریر میں اس بات اظہار کیا کہ حبِ رسول کا اظہار زبانی نہیں بلکہ اللہ کے رسول کا مشن دنیا میں پھیلانے اور قائم کرنے سے ہی عبارت ہے۔اس کے بعد قرآن انسٹیٹوٹ کی نگران زرافشاں فرحیں صاحبہ نے اپنے اختتامی خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ قرآن کا فہم اور تدریس خواتین و طالبات کے لیے بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے قرآن انسٹی ٹیوٹ میں جاری قرآن کلاسز اور دو سالہ ڈپلومہ کورس کا مختصر تعارف بھی دیا اور بتایا کے یہ پروگرام بھی اِسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔مزید انہوں نے کہا کہ ہم جس اللہ کی عبادت کرتے ہیں، اس اللہ اور رسول کے نظام کو اپنی عمومی زندگیوں سے لے کر اپنی معیشت، سیاست اور پارلیمنٹ کا حصہ بنائیں ۔ اختتامی خطاب کے بعد نتائج کا اعلان اور انعامات کی تقسیم کی گئی۔