ناقص صفائی اور جراثیم کے باعث 16آپریشن تھیٹر بند کر دیے گئے
لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے سرکاری اور غیر سرکاری ہسپتالوں کی ناقص صفائی اور جراثیم کی موجودگی والے 16 آپریشن تھیٹر بند کردیے ہیں۔ کمیشن کی معائنہ ٹیموں نے ضلع سیالکوٹ ، لیہ اور ضلع بھکر کا 6 تا 9 جنوری دورہ کیا اور یہاں موجود ہسپتالوں کے آپریشن تھیٹر پر معیاری خدمات کی عدم فراہمی، انفیکشن زدہ آپریشن تھیٹرز اور سرجری کے آلات اور صفائی کے ناقص انتظامات کی وجوہات پر انہیں کام کرنے سے روک دیا گیا۔ اس دوران سیالکوٹ میں گورنمنٹ سرداراں بیگم ہسپتال اور علامہ اقبال میموریل ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز میں ناقص صفائی، جراثیم کی موجودگی اور دیگر بے قاعدگیوں پر ان آپریشن تھیٹر کو بند کردیا گیا۔ اس کے علاوہ ضلع بھکر میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھکر، الحادی ہسپتال اور بریگیڈیئر شفیق ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز میں ناقص صفائی، جراثیم سے پاک (Sterilization) کے ناکافی انتظامات پر انہیں کام کرنے سے روک دیا۔ لیہ میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو بھی انہیں وجوہات کی بنا پر بند کردیا گیا۔ لاہور کے چودھری رحمت علی میموریل ٹرسٹ ہسپتال کے آپریشن تھیٹر کو انہیں بے قاعدگیوں کی وجہ سے کام کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ مزید براں کمیشن کے متعین کردہ صحت کی سہولتوں کے کم سے کم معیار پر غیر تسلی بخش عمل درآمد بھی ان آپریشن تھیٹرز کو بند کرنے کی وجہ بنی ہے۔ اس سلسلے میں ان ہسپتالوں کی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آپریشن تھیٹرز میں صفائی کے مکمل اور معیاری انتظامات اور سرجری کے آلات کو جراثیم سے یقینی طور پر پاک کریں۔ واضح ہو کر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن صحت کی سہولتوں کے کم سے کم معیار پر سختی سے عمل در آمد کروانے کے لئے کوشاں ہے تاکہ عوام کی صحت اور زندگی کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔