ریسکیو 1122نے ڈویژن کی سطح پر اربن سرچ ریسکیو ٹیموں کا آغازکر دیا

ریسکیو 1122نے ڈویژن کی سطح پر اربن سرچ ریسکیو ٹیموں کا آغازکر دیا

  

 لا ہور (کرا ئم ر پو رٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی ہدایات پر ریسکیو1122 نے ڈویژن کی سطح پر اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمز کے قیام کا آغاز کر دیا۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس بریگیڈئیر( ر) ڈاکٹر ارشد ضیاء نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ دانشمندانہ ا قدام ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کی استعدادِ کارکو بڑھائے گا۔ اس حوالے سے پہلے مرحلے میں لاہور اور راولپنڈی ڈویژنل ہیڈکوارٹر زمیں اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمز کے قیام کا آغاز کر دیا گیا ہے ،ہر ڈویژن کی ٹیم 50 رکنی ریسکیورز پر مشتمل ہو گی۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار نیشنل ٹیسٹنگ سروس(NTS)کے ذریعے ایمرجنسی سروس کا حصہ بن سکیں گے۔ ان ٹیمز کو مخصوص مشینری آلات اور ایمرجنسی وہیکلز بھی فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمزکو تعیناتی اور تربیت کا مرحلہ ختم ہونے کے فوراََ بعد اپنے اپنے متعلقہ ڈویژ ن میں فعال بنایا جاسکے۔ڈائریکٹر جنرل نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے 9ڈویثرنز بشمول لاہور،راولپنڈی، ملتان ، فیصل آباد ،گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال، ڈی جی خان اوربہاولپور میں خصوصی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمز کے قیام کی منظوری دی ہوئی ہے۔پہلے مرحلے میں لاہور اور راولپنڈی میں قیام عمل میں لایا جائے گاجبکہ ایمرجنسی سروس پاکستان آرمی کے ساتھ مل کر ان خصوصی ٹیمز کے تر بیتی معیار کو یقینی بنائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ (USAR) کی خصوصی ٹیمز کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ خصوصی تربیت کے حامل ریسکیورز خصوصی آپریشنز بشمول عمارتیں منہدم ہونے کے واقعات قدرتی آفات اور پیچیدہ ایمرجنسیز میں اپنے فرائض بہترطور سرانجام دے سکیں۔ ان ٹیمز کی تشکیل سے ریسکیو 1122 کے آپریشن کی استعدادِ کار مزید بہتر ہوگی اور ریسکیو رز محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے پیشہ وارنہ کارکردگی موثر انداز میں پیش کر سکیں گے۔

مزید :

علاقائی -