اقتصادی راہداری پر پاکستان کے سیاستدانوں کی منفی بیان بازی پر چین کا اظہار تشویش

اقتصادی راہداری پر پاکستان کے سیاستدانوں کی منفی بیان بازی پر چین کا اظہار ...

  

اسلام آباد(اے این این) چین نے اقتصادی راہداری منصوبے پر منفی سیاست اور بیان بازی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی سیاستدان اپنے اختلافات اتفاق رائے سے حل کر لیں گے،اس منصوبے پر دونوں ملکوں کا مکمل اتفاق ہے،منصوبے کی تیز رفتار تعمیر کیلئے پاکستان کیساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔اسلا آباد میں چینی سفارتخانے کی طرف سے جاری بیان میں پاک چین اقتصادی راہدری منصوبے پر پاکستانی سیاستدانوں کی بیان بازی پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔سفارتخانے کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پورے پاکستان کے لئے ہے۔ منصوبے کو دونوں ملکوں کے عوام کی حمایت حاصل ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان بھی اس سلسلے میں مکمل اتفاق پایا جاتا ہے۔چینی حکومت نے امید ظاہر کی ہے کہ تمام فریق آپس میں رابطے مضبوط بنائیں گے اور تمام اختلافات اتفاق رائے سے حل کر لیں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ منصوبے کی تیز رفتار تعمیر کیلئے پاکستان کیساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔ راہداری کی تکمیل سے دونوں ملکوں کے عوام کو بے پناہ فوائد حاصل ہوں گے۔

مزید :

صفحہ اول -