اتحاد سے استعماری قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے،علامہ ناصرعباس
اسلام آ باد(سٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امت مسلمہ کے باہمی اتحاد و یگانگت سے استعماری قوتوں کی شازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔عالم اسلام اس وقت یہود و نصاری کے نشانے پر ہے۔ہمیں دشمن کی سازشوں کا شکار ہونے کی بجائے دانشمندی سے ایسے فیصلہ کرنے ہوں گے جن سے اسلامی برادر ممالک کے ساتھ قائم ہمارے مضبوط سفارتی تعلقات متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے کہا پاکستان کی سلامتی استحکام ہمیں ہر شے سے زیادہ عزیز ہے۔عالمی دہشت گرد قوتیں وطن عزیز کو اپنی مذموم کاروئیوں کے ذریعے عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ہم دوستی کے لبادے میں چھپے ان دشمنوں کا درک کرنے کی ضرورت ہے جنہوں نے ذاتی مفادات کے حصول کے لیے پاکستان کی سرزمین کو تحتہ مشق بنا رکھا ہے۔ ہمیں اپنے فیصلے عالمی حالات، بین الاقوامی تعلقات اور وطن عزیز کے مفاد کو کو مدنظر رکھتے ہوئے کرنے ہوں گے۔سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف جو فوجی اتحاد بنانے جا رہا ہے پاکستان اس میں شمولیت کا کسی طور متحمل نہیں ہو سکتا۔یہ اتحاد دہشت گردی کے خلاف نہیں بلکہ امت مسلمہ کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی صیہونی سازش ہے۔اگر سعودی عرب دہشت گردی کے خاتمے میں مخلص ہے تو اسے فلسطین کے مظلوموں کے حق میں اسرائیل کے خلاف بھی آواز بلند کرنی چاہیے۔