کسی بھی اتحاد میں شمولیت کا فیصلہ سوچ سمجھ کرکریں گے، علی اکبر گجر

کسی بھی اتحاد میں شمولیت کا فیصلہ سوچ سمجھ کرکریں گے، علی اکبر گجر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے نائب صدر علی اکبرگجر نے کہا ہے کہ کسی بھی اتحاد میں شمولیت کا فیصلہ سوچ سمجھ کرکریں گے۔ اتحاد صوبے کی سطح پر ہو یاجماعتی بنیادوں پر فیصلے سے پہلے قیادت سے رہنمائی اوراجازت حاصل کی جائے گی۔اس حوالے سے ہمارے رابطے اور اجلاس جاری ہیں اور جلد ہی قائد جمہوریت میاں محمدنواز شریف سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) سیاست میں تنہا پروازکی قائل نہیں اور نہ ہی دوسری جماعتوں کے وجود کے خلاف ہیں، ہم ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کا مینڈیٹ دل سے تسلیم کرتے ہیں اور افہام وتفہیم اور بھائی چارگی کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ اب جب کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کے خلاف اتحاد کی کوششیں جاری ہیں تو ملک اور قوم کے مفاد میں جو مناسب ہو گا وہ کریں گے۔ایسا کوئی فیصلہ نہیں کریں گے جس سے جمہوری قدروں کو نقسان پہنچے۔جہاں تک گرینڈ مسلم لیگ کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کا سوال ہے توہم کسی ایسے اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے جس میں آمریت کی پروردہ قوتیں اور جماعتیں شامل ہوں گی۔بعض سیاسی جماعتیں متحدہ مسلم لیگ کا جھانسہ دے کر جمہوریت کی بساط لپیٹ دینا چاہتے ہیں ،مسلم لیگ (ن) ایسی کسی سازش کاحصہ نہیں بنے گی بلکہ ایسی کوششوں کی حوصلہ شکنی کرے گی۔علی اکبرگجرنے کہا کہ پاکستان میں اتحادوں کی سیاست کبھی کامیابیوں سے ہم کنار نہیں ہو سکی۔ملک میں جب بھی سیاسی اتحاد یاانتخابی اتحاد وجود میں آئے کبھی سودمند ثابت نہیں ہوسکے۔ اس کی بڑی وجہ یہی تھی کہ یہ اتحاد محدود ایجنڈے کے حامل تھے۔جب تک سیاسی اتحاد ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر خالصتاًقومی مفادات کے تابع نہیں بنائے جائیں گے پاکستان میں اتحادوں کی سیاست کامیاب نہیں ہو سکے گی۔