سی ٹی ڈی کورنگی کی کاروائی سیاسی جماعت کے3 ملزمان گرفتار،اسلحہ بر آمد
کراچی(کرائم رپورٹر) انسداد دہشت گردی سیل کی کورنگی میں کارروائی ، ٹارگٹ کلنگ ،ڈکیتی،بھتہ خوری اور سنگین جرائم میں ملوث سیاسی جماعت کے 3 ملزمان کو گرفتارکرکے بڑی مقدار میں اسلحہ اورمسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔ترجمان پولیس کے مطابق انسداد دہشت گردی سیل سندھ ون آپریشن نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر کورنگی اور جمشید ٹاؤن سے سیاسی جماعت سمیت لیاری گینگ وار کے 3ٹارگٹ کلرز زاہد علی عرف اجے ولد صابر علی، افصال ولد محمد اصغر اور محمد طارق ولد اورنگزیب کر گرفتار کر لیا۔ ٹارگٹ کلر زاہدعلی عرف اجے نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ سال 2011 میں سیاسی جماعت کے کارکن چونی کے بھانجے کو اغواء کر کے برف خانے کے نزدیک قبضہ کیے ہوئے مکان میں لے جا کرقتل کر دیا جبکہ لاش کو نشتر روڈ پر کچرا کنڈی میں پھینک کر فرار ہو گئے۔ اسی سال عزیر بلوچ کی جانب سے نکالی گئی ریلی پر فائرنگ کی اور دستی بم پھینکے جس کے نتیجے میں 10 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے تھے۔ سال 2012 میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 2 بلوچ لڑکوں کوسریا گلی سے اغواء کرنے کے بعد برف خانے لے جا کر قتل کر دیا بعد ازاں لاشوں کو نیپئر کے علاقے پنجابی گلی میں پھینک کر فرار ہوگئے۔جبکہ اسی سال اپنی ہی جماعت کے تنظیمی ساتھی سلمان کو مخبری کے شبہ میں قتل کیا اور بعد ازاں اس کی لاش کو صدیق وہاب روڈ پر پھینک دیا گیا۔ ٹارگٹ کلر زاہد نے مزید انکشاف کرتے ہوئے بتایاکہ سال2012 میں عیدگاہ کے علاقے سے سراج نامی بلوچ نوجوان کو اغواکے بعد قتل کر دیابعد ازاں اس کی لاش کو بھی ٹھکانے لگانے کے لیے کے ایم سی ورکشاپ رنچھوڑ لائن کے قریب پھینک کر فرار ہوگئے ، ٹارگٹ کلر محمد طارق نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ قتل کے الزام میں جیل میں بند تھا جہاں اسے موٹر سائیکل لفٹر گینگ سے تعارف ہوگیا جیل سے نکلنے کے بعد قتل کی وارداتوں کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل چھین کر بلوچستان میں لے جا کر فروخت کر دیا کرتے تھے ، جبکہ ٹارگیٹ کلر محمد افضال کی نشاندہی پرمدفن شدہ اسلحہ ایک عدد کلاشنکوف، ایک عدد پش پشا گن ، ریپیٹر ،ایم پی 5گن ، ماؤزر پستول 30بور ،2عدد پستولیں اور بڑی مقدار میں گولیاں برآمد کرکی گیں جبکہ ملزمان کے قبضے سے مسروقہ 5عدد موٹر سائیکلیں بھی برآمد ہوئیں ،ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی آپریشن گارڈن میں 2مقدمات درج کر کے تفتیش کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔