القاعدہ کی جیل پر روس کا فضائی حملہ،60افراد ہلاک ،30زخمی
دمشق(صباح نیوز)شام کے صوبے ادلیب میں روس نے القاعدہ کی جیل پر فضائی حملہ کردیا، جس میں 60افراد ہلاک اور 30زخمی ہو گئے۔شامی ہیومین رائٹس گروپ کے مطابق روسی طیاروں نے صوبہ ادلب کے قصبے معرہ النعمان میں ایک مشہور مارکیٹ کے قریب عمارت کو نشانہ بنایا، یہ علاقہ باغیوں کے زیر قبضہ ہے۔عمارت میں القاعدہ نے اپنا جیل بھی بنا رکھا تھا، حملے میں 60افراد ہلاک ہو گئے جن میں21 شہری، 29جنگجو اور 7قیدی بھی شامل ہیں، بمباری سے عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی، سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے ملبے میں دبے متعدد افراد کو نکال لیا ہے ۔