پانی اور پن بجلی منصوبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں : چیئر مین واپڈا

پانی اور پن بجلی منصوبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں : چیئر ...

  

لاہور(پ ر)پاکستان میں متعین فرانسیسی سفیر مارٹن ڈورنس (Mrs.Martine Dorance)نے واپڈا ہاؤس میں چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ) سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں واپڈا منصوبوں کی فنانسنگ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے فرانسیسی مالیاتی ادارے اے ایف ڈی کی جانب سے واپڈا کے مختلف منصوبوں میں مالی معاونت پر فرانسیسی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔ پاکستان میں پانی اور پن بجلی کے وسائل کی ترقی کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاری کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ پانی اور پن بجلی کے منصوبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ واپڈا کو اپنے آئندہ کے منصوبوں میں بھی فرانس کا مالی تعاون حاصل رہے گا ۔فرانسیسی سفیر نے کہا کہ واپڈا منصوبوں کی تعمیر کے لئے فرانس اور پاکستان کی دیرینہ شراکت داری ہے ۔ ملاقات کے دوران واپڈا کے جاری منصوبوں کے ساتھ ساتھ مہمند ڈیم اور ہارپو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر میں فرانس کی جانب سے فنانسنگ کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی ۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ واپڈا کے متعدد منصوبوں کے لئے فرانس مالی معاونت فراہم کر رہا ہے ، جن میں منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی اپ گریڈیشن ، وارسک ہائیڈل پاور سٹیشن کی بحالی کا دوسرا منصوبہ ، درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن کی بحالی ، چترال ہائیڈل پاور سٹیشن کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ سے متعلق منصوبہ ، منگلا ہائیڈل پاور انسٹی ٹیوٹ کے قیام اور مہمند ڈیم اور ہارپوہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی فزیبلٹی سٹڈی اور تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن کی تیاری کے منصوبے شامل ہیں۔

مزید :

کامرس -