پی آر ایس بی الیون نے کرکٹ لیگ ٹرافی جیت لی

پی آر ایس بی الیون نے کرکٹ لیگ ٹرافی جیت لی

  

لاہور(خبر نگار خصوصی ) 3 روزہ ریلوے انٹر ڈویژنل کرکٹ لیگ، پی آر ایس بی الیون نے مجموعی طور پر 28 پوائنٹس حاصل کرکے ٹرافی جیت لی ،پی آر ایس بی الیون نے 28 پوائنٹس حاصل کرکے پہلی، ورکشاپس ڈویژن نے 25 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور لاہور ڈویژن نے 18 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ۔پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام 3 روزہ انٹر ڈویژنل کرکٹ لیگ کے مقابلے ریلوے اسٹیڈیم گڑھی شاہو میں اختتام پذیر ہوگئے۔ جس میں 5 ٹیموں نے شرکت کی۔ آخری لیگ میچ پی آر ایس بی الیون اور ورکشاپس ڈویژن کے درمیان کھیلا گیا۔ پی آر ایس بی الیون نے پہلی اننگز میں 128 رنز کی برتری حاصل کرنے پر فتح حاصل کرلی۔ پی آر ایس بی الیون کے کپتان سلمان علی نے ٹاس جیت کر مخالف ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ ورکشاپس ڈویژن نے پہلے کھیلتے ہوئے 81.5 اوورز میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 97 رنز بنائے۔ عدنان دانش نے 30، ذیشان احمد 22 اور محسن ندیم نے 20 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ پی آر ایس بی الیون کی جانب سے حسنین شاہ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5/18 اور شاہد نواز نے 5/46 وکٹ حاصل کیں۔ جواب میں پی آر ایس بی الیون نے 45.3 اوورز میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے اور پہلی اننگز میں 128 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ کاشف صدیق نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 72، عاصم علی ناصر 57 اور امیر حمزہ نے 26 رنز بنائے۔ ورکشاپس ڈویژن کی جانب سے شاہد علی نے 4/70، نثار احمد 4/76 اور محمد فیصل نے 1/31 وکٹ حاصل کیں۔ دوسری اننگز میں ورکشاپس ڈویژن 26 اوورز میں 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 112 رنز بناسکی۔ محسن ندیم نے 39 اور شاہ رخ علی نے 34 رنز بنائے۔ پی آر ایس بی الیون کی طرف سے حسنین شاہ نے 2/34 وکٹ حاصل کیں۔۔ اعجاز احمد، محمد کلیم امپائر جبکہ وارث بشیر سکورر تھے۔ میچ کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نائب صدر ریلوے سپورٹس بورڈ پروفیسر ڈاکٹر فرحان عبادت یار خان نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافیاں دیں۔ پی آر ایس بی الیون نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طورپر 28 پوائنٹس حاصل کرکے پہلی، ورکشاپس ڈویژن نے 25 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور لاہور ڈویژن نے 18 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -