قومی فاسٹ باؤلر محمد عرفان کی والدہ انتقال کر گئیں
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر محمد عرفان کی والدہ انتقال کرگئیں ، محمد عرفان ان دنوں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستانی اسکواڈ کا حصہ ہیں اور قومی ٹیم کے ساتھ برسبین میں موجود ہیں۔تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل ہی والد کے انتقال کے صدمے سے دوچار ہونے والے قومی ٹیم کے دراز قد فاسٹ بولر محمد عرفان کی والدہ بھی انتقال کر گئیں۔ محمد عرفان ان دنوں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستانی اسکواڈ کا حصہ ہیں اور قومی ٹیم کے ساتھ برسبین میں موجود ہیں، محمد عرفان کو آسٹریلیا میں ہی والدہ کے انتقال کی خبر دی گئی جس کے بعد وہ ٹور ادھورا چھوڑ وطن واپس آ جائیں گے۔آسٹریلیا میں موجود قومی کے ٹیم کے کھلاڑیوں اور ٹیم منجمنٹ نے محمد عرفان سے ان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا اور مرحومہ کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ 3 ماہ قبل ہی محمد عرفان کے والد کا انتقال ہوا تھا جس پر انہوں نے اپنے والد کے ایصال ثواب کے لئے اپیل بھی کی تھی۔ محمد عرفان نے یکم ستمبر 2016 کو اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ انگلینڈ کے خلاف ہیڈنگلے میں کھیلا تھا جس میں صرف 5 اوورز کروانے کے بعد وہ فٹنس مسائل کا شکار ہو گئے تھے۔قبل ازیں پاکستانی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے ون ڈے سیریز کے لیے آسٹریلیا پہنچنے والے جن کرکٹرز کی فٹنس پر عدم اطمینان ظاہر کیا ہے ان میں محمد عرفان بھی شامل ہیں حالانکہ عرفان نے حالیہ قائداعظم ٹرافی میں واپڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے سو سے زائد اوورز کیے اور ان کی ٹیم قائداعظم ٹرافی جیتی تھی۔