این سی اے کی ملائیشیا کرکٹ ٹیم کو پہلے ون ڈے میں شکست
لاہور (سپورٹس رپورٹر) نیشنل کرکٹ اکیڈمی یو تھ الیون نے عبداللہ شفیق کی شاندا ر سنچری کی بدولت ملائشیا کی کرکٹ ٹیم کوپہلے ون ڈے میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی ،سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ آج منگل کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ون ڈے میچ میں ملائشیا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 45اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 239رنز بنائے جس میں احمد فیاض کے 86سید عزیز کے ناٹ آؤٹ 50اور انور الدین کے 35رنز شامل تھے ۔موسی خان نے 39رنز دے کر 2نثار نواز ،علی زریاب اور اسامہ میر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔این سی اے الیون نے مطلوبہ سکور 39.3اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ۔عبداللہ شفیق نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 122رنز ناٹ آؤٹ بنائے جس میں دو چھکے اور 13چوکے شامل تھے ۔محمد سلیم نے 55اور ناصر نواز نے 31رنز بنائے ۔ملائیشیا کی ٹیم کی طرف سے ڈیرک مائکل نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50رنز دے کر 3اور سہیریل فطری نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ملائشیا کی ٹیم دورہ پاکستان کے دوران نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی ٹیم سے تین ون ڈے میچ اور دو ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلے گی ۔