ڈیوس کپ،کھلاڑیوں کے ٹرائلز 18جنوری کو ہوں گے

ڈیوس کپ،کھلاڑیوں کے ٹرائلز 18جنوری کو ہوں گے

  

اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام ایران کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی میں حتمی ٹیم کے انتخاب کے لئے دوسرے فیز میں قو می کھلاڑیوں کے ٹرائلز 18جنوری سے اسلام آباد میں شروع ہوں گے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری محمد خالد رحمانی کے مطابق ٹرائلز میں پہلے فیز میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست 4قومی کھلاڑی محمد عابد علی اکبر،عابد مشتاق،یاسر حان اور مزمل مرتضی کو مدعو کیا گیا ہے جس میں سے دو باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیاجائے گا۔جبکہ اعصام الحق اور عقیل خان کو ٹرائلز سے مستثنیٰ قرار دیا ہے وہ ڈائریکٹ ٹائی میں قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔اسی طرح ایران کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی میں مجموعی طور پر4کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ محمد خالد رحمانی نے کہا کہ ایران کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی میں ٹرائلز کے پہلے فیز میں ٹاپ 7کھلاڑیوں کو مدعوکیا گیا جس میں سے 4قومی کھلاڑی محمد عابد علی اکبر،عابد مشتاق،یاسر حان اور مزمل مرتضی پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہیں اور چاروں کھلاڑیوں نے دوسرے فیز کے لئے کولیفائی کیا ہے۔ ۔محمد خالد رحمانی نے کہاکہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) نے 12سال بعد پاکستان کو ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی دی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی آئندہ ماہ 3 سے 5 فروری کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -