انتخابات میں صوبے بھر میں بھاری مینڈیٹ حاصل کریں گے،علیم خان

انتخابات میں صوبے بھر میں بھاری مینڈیٹ حاصل کریں گے،علیم خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف سنٹرل پنجاب ہی نہیں صوبے بھر کے تمام اضلاع میں بھاری مینڈیٹ حاصل کرے گی اور 2013کے مقابلے میں کہیں زیادہ نشستیں حاصل کریں گے انہوں نے کہا کہ نواز لیگ اپنے جھوٹے وعدوں اور ناکام کارکردگی کے ذریعے ایکسپوز ہو چکی ہے عوام اب کسی نعرے پر شو بازوں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی چئیرمین سیکرٹریٹ میں گجرات ، شیخوپورہ ، قصور اور سیالکوٹ کے اضلاع سے پارٹی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ عا م انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہوئے تو انشاء اللہ عمران خان کے قدم چومے گی انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے نواز لیگ نے اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے کیلئے ابھی سے دھاندلی کے منصوبے تیار کرنا شروع کر دیے ہیں جنہیں پی ٹی آئی ہر پلیٹ فارم پر ناکام بنا نے کی کوشش کرے گی انہوں نے کہا کہ آئندہ کیلئے انتخابی اصلاحات ہر سیاسی جماعت کامطالبہ تھا لیکن گذشتہ4برسوں میں چند اجلاسوں کے علاوہ عملی طورپر کچھ نہیں کیا گیا حتیٰ کہ سپریم کورٹ کے متعدد احکاما ت کے بعد نا بادل خواستہ مردم شماری کی حامی بھری گئی ہے انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابی عمل کے بغیر جمہوری عمل کا تصور نہیں ہو سکتا اور تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں یہ جدوجہد جاری رکھے گی عبدالعلیم خان نے مختلف اضلاع میں پی ٹی آئی کی کارکردگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور آئندہ انتخابی حکمت عملی پر گفتگو ہوئی اس موقع پر طے پایا کہ ہر ضلع میں دیگر سیاسی جماعتوں سے سیاسی رہنماؤں کی شمولیت سمیت تمام آپشن اوپن رکھے جائیں گے اور ضلعی رہنماؤں کی مشاورت سے سنٹرل پنجاب کے ہر ضلع کی حکمت عملی مقامی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے تشکیل دی جائے گی عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ سنٹرل پنجاب کے ہر ضلع کا خود دورہ کر کے پارٹی معاملات جائزہ لیں گے اور باہم مشاورت سے مستقبل کی حکمت عملی تشکیل دی جائے گی ۔ اس موقع پر مختلف اضلاع کے پارٹی رہنماؤں نے عبدالعلیم خان سے باہمی دلچسپی اور سیاسی امور پر بات چیت کی اور پارٹی معاملات پر تجاویز دیں انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ سنٹرل پنجاب کے ہر ضلع سے اچھے نتائج سامنے آئیں گے اور پارٹی کو گراس روٹ لیول پر منظم کیا جائے گا ۔