اقلیتوں اور انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے قابل ذکر کامیابیاں حاصل کیں،خلیل طاہر

اقلیتوں اور انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے قابل ذکر کامیابیاں حاصل ...

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور خلیل طاہر سندھونے کہاہے کہ حکومت پنجاب نے نامساعدحالات اور چیلنجز کے باوجود اقلیتوں اور انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں جنہیں انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں نے سراہا ہے ۔انسانی حقوق کی پاسداری کے لئے معاشرے کا شعور اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے جس کے لئے محکمہ انسانی حقوق واقلیتی امور نے 12ملین روپے سے انسانی حقوق آگہی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیاہے جبکہ سرکاری اداروں کے ملازمین کو انسانی حقوق کی اہمیت بارے ٹریننگ دئیے جانے اور سیمینارز منعقد کرنے کے لئے ایک خصوصی سکیم کی بھی منظوری دی جا چکی ہے۔ اس حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خلیل طاہر سندھو نے کہاکہ اقلیتوں اور انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ میں خصوصی صوبائی ٹریٹی (Treaty ) عملدرآمد سیل (TIC ) بھی قائم کیا جا رہاہے جو اپنی افادیت اور کارکردگی کے لحاظ سے دیگر تمام صوبوں کے لئے رول ماڈل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی پاسداری کیلئے نوجوان نسل کا شعور بیدار کرنے کے لئے سکولوں میں انسانی حقوق کو بطور مضمون لاگو کرنے کے بعد کالجز اور یونیورسٹی کی سطح پر بھی متعارف کروایاجا رہاہے۔حکومت پنجاب انسانی حقوق اور اقلیتوں کے حوالے سے کسی بھی زیادتی ، استحصال اورقانون کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لے رہی ہے اور ذمہ دار افراد کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی عمل میں لاکر انہیں سخت سزائیں دی جا رہی ہیں۔خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ آئین پاکستان کی روح کے مطابق اقلیتوں کو دیگر شہریوں کی طرح مساوی حقوق حاصل ہیںیہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے اقلیتوں کے لئے سرکاری ملازمتوں میں 5فیصد کوٹے پر عملدرآمد ،اقلیتی ڈویلپمنٹ فنڈکا قیام ،اقلیتی طلبا وطالبات کے لئے 25ملین روپے کے تعلیمی وظائف ،کرسمس اور دیگر اقلیتی تہواروں پر مستحق خاندانوں کے لئے خصوصی گرانٹس اور اقلیتی مشاورتی کونسل جیسے اہم اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ضلعی سطح پر انسانی حقوق اور اقلیتی امور کے حوالے سے شکایات کی دادرسی اور مقامی سطح پر فلاحی منصوبوں کے لئے صوبہ کے تمام اضلاع میں انسانی حقوق کے ڈائریکٹوریٹس کا قیام عمل میں لایاجا رہاہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -