بجلی چوری مقدمہ ، سب وے ریسٹورنٹ کے مالک کے وارنٹ گرفتاری جاری

بجلی چوری مقدمہ ، سب وے ریسٹورنٹ کے مالک کے وارنٹ گرفتاری جاری

  

لاہور(نامہ نگار)ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے بجلی چوری کے مقدمے میں ملوث سب وے ریسٹورنٹ ڈی ایچ اے کے مالک کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے اسے 28فروری کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیاہے ۔ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ فاروق اعظم سوہل نے کیس کی سماعت کی، ایف آئی اے انسپکٹر عبدالقیوم نے مقدمہ درج کر کے چالان عدالت میں پیش کیا، پراسکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے مخبر کی اطلاع پر ڈی ایچ اے لالک جان چوک میں واقع سب وے ریسٹورنٹ پر چھاپہ مار کر چیکنگ کی تو ملزم ولی خان اپنے ریسٹورنٹ کے لئے بجلی چوری کر رہا تھا۔

جس کے خلاف الیکٹریسٹی ایکٹ کی دفعہ 39(اے )کے تحت مقدمہ درج کیاگیا جبکہ ملزم نے عدالت سے قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کر رکھی ہے اور ٹرائل میں پیش نہیں ہو رہا، انہوں نے استدعا کی کہ قومی خزانے کو لاکھوں کا نقصان پہنچانے پر ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، عدالت نے طلبی کے نوٹسز کے باوجود پیش نہ ہونے پر بجلی چوری کے مقدمے میں ملوث سب وے ریسٹورنٹ ڈی ایچ اے کے مالک کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ملزم کوآئندہ سماعت پرگرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیاہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -