شہید حکیم محمد سعید نے جو کچھ کہا اس پر عمل کرکے دکھایا، امجد ثاقب

شہید حکیم محمد سعید نے جو کچھ کہا اس پر عمل کرکے دکھایا، امجد ثاقب

  

لاہور(جنرل رپورٹر) چیئر مین مینجمنٹ کمیٹی فاؤنٹین ہاؤس ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہاکہ شہید حکیم محمد سعید نے کبھی ہمت نہیں ہاری جن اصولوں اور ضوابط کو چلن بنایا تھا پوری زندگی اُن پر کاربند رہے انہوں نے جو کہا اُس پر خود عمل کر کے بھی دکھایا ،مدینۃ الحکمہ بسایا پاکستان کے نونہالوں کو خصوصی توجہ کا مرکز بنایا،ملک کے نونہالوں اور نوجوانوں کیلئے ہمدرد نونہال رسالہ اورہمدرد نونہال اسمبلی کا آغاز کیا ۔ملک کے مستقبل نئی نسل کیلئے ہمدرد یونیورسٹی جیسے کئی اداروں کا قیام کیا ۔حکیم صاحب نے بلا معاوضہ لاکھوں مریضوں کو بھی طبی مشورے دیئے ۔

،مستحقین کی مالی معاونت کی جسکا فیض آج بھی جاری وساری ہے۔وہ قومی یوم اطفال کے موقع پر فاؤنٹین ہاؤس لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بچوں میں خدمت کا جذبہ موجود ہے اور یہ بچے بڑے ہو کر پاکستان کی خدمت کر کے قوم و ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر یں گے شہید حکیم محمد سعید نونہالوں سے بے پناہ محبت کرتے تھے اور کہتے تھے کہ پاکستان کے ان نونہالوں کو بڑا کر دو پاکستان خود بخود بڑا ہو جائے گا۔تقریب میں قومی صدر ہمدرد نونہال اسمبلی سعدیہ راشد نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج کے دور میں ہم اپنے گردوپیش کے حالات کا جائزہ لیں تو ہم پریہ بات واضح ہو جائے گی کہ ہمدردی ،تعاون ،انصاف ،خدمت اور رزقِ حلال جیسے اوصافِ حمیدہ سے کنارہ کشی اختیار کر کے ہم کس قدر پریشان ہیں۔دوسروں کی خوشیوں میں شرکت اور اُنکے دُکھوں کا مداوا کرنے کی خواہش ہی انسان کو اشرف المخلوقات کے درجے پر فائز کرتی ہے ۔بے گھر ،بے سہارا اور اپنے آپ کو کھو دینے والے بچوں پر ذراسی کوششوں اور توجہ سے محبت کے ساتھ محنت کی جائے تو ایسے ایسے کام کرجاتے ہیں جو اپنے اطراف میں موجود لوگوں کو حیران کر دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ افراد اوروہ ادارے جو ان بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے کوشاں ہیں وہ یقیناًبہت عظیم ہیں اور ہم سب کی طرف سے خراجِ تحسین اور سلامِ عقیدت کے مستحق ہیں۔تقریب سے ایم ایس فاؤنٹین ہاؤس ڈاکٹر عمران مرتضیٰ ،سید علی بخاری ،شاہد قادر ،ڈاکٹر طلحہ شیروانی نے بھی خطاب کیا جبکہ جسٹس (ر) ناصرہ اقبال سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی ۔نونہال مقررین میں نویرا بابر ،ملائیکہ صابر ،ملک محمد عادل اور علوینہ خان شامل تھے ۔تقریب میں فاؤنٹین ہاؤس کے خصوصی نونہالان نے ٹیبلو پیش کیا جبکہ جوہر ایجوکشین سسٹم کی طالبات نے دعائے سعید پڑھی ۔تقریب کے اختتام پر فاؤنٹین ہاؤس کے خصوصی بچوں کی تفریح کیلے پپٹ شو،میجک شو،جمپنگ کیسل ،فیس پینٹنگِ صوفیانہ کلام اور ملی نغموں کا بھی اہتمام کیا گیا ،اس موقع پر بچوں کیلئے ہمدر دفری طبی کیمپ بھی لگایا گیا ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -