کشمیری عوام فرقہ پرست عناصر کے منفی پرپیگنڈے سے ہوشیار رہیں، میر واعظ

کشمیری عوام فرقہ پرست عناصر کے منفی پرپیگنڈے سے ہوشیار رہیں، میر واعظ

  

سرینگر(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے مسلم راشٹریہ منچ کی جانب سے نئی دلی میں کشمیری طلبہ کی کانفرنس بلانے اور ان طلبہ کو قومی دائرے میں شامل ہونے کے بیان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ تنظیم ہندو فرقہ پرست جماعتوں آر ایس ایس اوربی جے پی کی آلہ کار ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر کے علاقے خانیار میں شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کے مزار پر ایک تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ روز اول سے ہی ہندو انتہا پسند جماعتوں کا بنیادی ایجنڈہ کشمیری عوام کی جائز جدوجہد آزادی کو غلط رنگ میں پیش کرناہے۔انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ کشمیری عوام نے اپنی جائز جدوجہد آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں اور کسی بھی جماعت یا فرد کو ان قربانیوں کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے سرکاری نوکریوں یا مراعات یا مفادات کیلئے جان و مال کی عظیم قربانیاں نہیں دی ہیں بلکہ وہ عالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ حق خودارادیت کے حصول کیلئے قربانیوں کی طویل تاریخ رقم کر رہے ہیں۔

میرواعظ نے عوام کو ان فرقہ پرست عناصر کے منفی پروپیگنڈے سے خبردار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی موقعہ پرست جماعت یا فرد کے بہکاوے میں آنے کے بجائے اپنے عظیم مقصد کے تئیں استقامت اور وابستگی کا مظاہرہ کریں۔

مزید :

عالمی منظر -