ہم دھرنانہیں دیتے ،حکومت کیلئے بد دعاؤں کے اعلانات کرا دیئے ،مفتی نعیم
لاہور(خبر نگار خصوصی)جامعہ بنوریہ کے سربراہ مفتی محمد نعیم کا کہنا ہے کہ جوڑ کیلئے 100ممالک کے5ہزار مبلغین کو ویزے جاری نہ کرنا بہت بڑ ی زیادتی ہے ۔کراچی کے بزرگ کسی دوسرے ملک میں جا کرجوڑ(مجلس مشاورت )کر لیں گے ۔انہوں نے روز نامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تبلیغی جماعت والے سڑکوں پر دھرنے نہیں دیتے تمام مساجد میں آیات پڑھنے اور حکومت کیلئے بد دعائیں کرنے کیلئے اعلانات کرا دیئے ہیں۔60برسوں میں پہلی بار حکومت نے ویزے جاری کرنے سے انکار کیا ہے جبکہ بھارت اور بنگلہ دیش نے ویز ے جاری کر دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کیلئے تین گھنٹے انتظار کیا لیکن انہوں نے وقت نہیں دیا وزیر داخلہ نے بھی ملاقات سے انکار کردیا جبکہ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ وہ تبلیغ کے قائل نہیں ہیں۔دنیا کے تمام ممالک سے لوگ جوڑ کیلئے آتے ہیں جو کہ مارچ کے مہینے میں ہرسال ہوتا ہے۔دنیا کے کسی بھی ملک میں تبلیغ کرنے میں رکاوٹ نہیں ہے حکومت پاکستان کو بھی ویزے دینے سے انکار نہیں کرنا چاہیے۔