راحیل شریف عمرہ کرنے سعودی عرب کرنے گئے ،اسحق ڈار

راحیل شریف عمرہ کرنے سعودی عرب کرنے گئے ،اسحق ڈار

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل(ر) راحیل شریف سعودی عرب عمرے پر گئے ہیں،وہ اسلامی افواج اتحاد کی سربراہی کریں گے یا نہیں مجھے اس بارے میں کوئی بھی اطلاعات نہیں ہیں۔جب وہ سروس میں تھے تو سعودی عرب کی خواہش تھی کہ وہ سربراہی کریں، سابق آرمی چیف اگر یہ عہدہ سنبھالیں گے تو وہ ملکی مفاد میں کوئی شرط بھی رکھیں گے،فیصلہ وزیر اعظم نواز شریف کی مشاورت اور قانون و آئین کے مطابق کیا جائے گا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ سربراہ پی ٹی آئی عمران خان نے توقسم کھائی ہوئی ہے کہ کسی کی بھی عزت نہیں کرنی،وہ ہر وقت فضولیات بکتے رہتے ہیں۔ مجھے ان کے اصلی کردار کا پتہ ہے،وہ چندے کے پیسے کھاتے ہیں۔میں ان کی ذات پر کوئی بات نہیں کر سکتا لیکن اگر کی تو وہ عوام کو اپنی شکل نہیں دکھا سکیں گے۔انہوں نے کہاکہ ججز نظر بندی کیس میں نواز شریف سڑکوں پر تھے جبکہ عمران خان بھاگ گئے تھے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف کارروائی نہیں ہو سکتی، انہوں نے پیسے اس وقت کے قانون کے مطابق کیش کروائے تھے لہٰذاقانون کارروائی کی اجازت نہیں دیتا، بینک کے ذریعے بیرون ملک پیسے لے جانے پر پابندی نہیں ہے۔اسحاق ڈار نے کہاکہ میں دبئی جائیدادوں کے بارے میں تفصیلات نہیں بتا سکتااور نہ ہی قانون کسی پروگرام میں تفصیلات بتانے کی اجازت دیتا ہے۔ 2016 کے کمپنیز آرڈیننس کو سینیٹ نے مسترد کردیا تھا۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ اگر ملک میں کوئی چیز غلط ہوتی ہے تو اس کو ٹھیک کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ایف بی آر میرے ما تحت ہے ،میں اس بارے میں نہیں بتا سکتا۔نیب کے قانون کیلئے 20رکنی کمیٹی بیٹھ گئی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک میں چند ایک پراجیکٹ کے علاوہ باقی سب پرائیویٹ سیکٹر کے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -