مانگا منڈی،موٹر سائیکل سے گرنے والے ناجوان کو ٹریکٹر ٹرالی نے کچل ڈالا،ساتھی کی ٹانگ ٹوٹ گئی
مانگا منڈی( نمائندہ خصوصی) دو موٹر سائیکلوں کے تصادم میں فیکٹری ملازم 20 سالہ نوجوان ٹرالی کے نیچے آ کر جاں بحق جبکہ اس کے ساتھی کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ واقعہ پر فیکٹری ملازمین کا ملتان روڈ بند کر کے شدید احتجاجی مظاہرہ۔ تفصیلات کے مطابق مانگا منڈی شہر کا رہائشی زین احمد ولد محمد مشتاق ملتان روڈ اڈا باٹھ کے قریب سام سنگ فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا ۔ گزشتہ روز وہ فیکٹری ملازمین کی تنخواہ لینے کے لئے شامکی بھٹیاں میں واقع بینک جانے کے لئے اپنے دوست نواز کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھاکہ فیکٹری سے چند گز کے فاصلے پر سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل سے ٹکراگیا، جس کے نتیجہ میں زین موٹر سائیکل سے گر گیا تو پیچھے سے آنے والی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے اسے کچل دیا ۔ زین موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی نواز کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فیکٹری ملازمین نے ملتان روڈ بند کر کے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے ایک گھنٹہ تک ٹریفک بلاک رہی۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد زین کی نعش ورثاء کے حوالے کر دی جسے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔