میڈیا ہاؤسز حملہ،فاروق ستار اور عامر خان کی عدم گرفتاری پر عدالت برہم

میڈیا ہاؤسز حملہ،فاروق ستار اور عامر خان کی عدم گرفتاری پر عدالت برہم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسدادہشتگردی کی عدالت نے 22 اگست کو میڈیا ہاوسز پر حملے، جلاو گھیراؤ اور ملکی سا لمیت کے خلاف نعرے لگانے سے متعلق کیس میں ایم کیو ایم کے رہنما گلفراز خٹک اور دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوط کرتے ہوئے سماعت 23 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔پیر کوکراچی کی انسدادہشتگردی کی عدالت میں 22 اگست کو میڈیا ہاؤسز پر حملے، ملکی سا لمیت کے خلاف نعرے بازی، جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں ایم کیو ایم کے رہنما شاہد پاشا، کنور نوید جمیل ،گلفراز خٹک، تین خواتین کارکنان سمیت 50 سے زائد گرفتار ملزمان کو پولیس کی جانب سے پیش کیا گیا جبکہ کیس میں نامزد تین خواتین کارکنان سمیت چار ملزمان کو واقعہ کی ریکارڈنگ اور سی ڈیز فراہم کردی گئیں۔عدالت میں ایم کیو ایم کے رہنما گلفراز خٹک کی جانب سے 22 اگست کے واقعہ سے متعلق لاتعلقی کا حلف نامہ بھی جمع کرایا گیا۔ گلفراز خٹک سمیت مزید 8 کارکنان نے عدالت میں ضمانت سے متعلق درخواست دائر کی ۔ دوسری جانب پولیس نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں مفرور ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور پولیس کو حکم دیا کہ آئندہ پیشی پر ملزمان کو ہر صورت عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے گلفراز خٹک سمیت دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 23 جنوری تک ملتوی کردی۔ واضح رہے اس کیس میں ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار، عامر خان سمیت 1500 سے زائد ملزمان مفرور ہیں جبکہ ایم کیو ایم کی تین خواتیں کارکنان ضمانت پر رہا ہیں۔