کراچی کے عوا م سوچیں کہ انہیں کس نے برباد کیا ،سینیٹر سعید غنی

کراچی کے عوا م سوچیں کہ انہیں کس نے برباد کیا ،سینیٹر سعید غنی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری اور وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے محنت سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ کراچی کی عوام کو سوچنا ہوگا کس نے ان سے ووٹ لئے اور انھیں تباہ وبرباد کیا، شہر کو مسائل کا گڑھ بنایا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی امن وامان کے قیام، معاشی سرگرمیوں کی بحالی اورعوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے جدوجہد کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بلدیہ شرقی میں لیڈر آف اپوزیشن ذوالفقار علی قائم خانی کی جانب سے لائنزایریا میں عوامی رابطہ آفس کے قیام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرپاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ بھی انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی اور سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ کراچی تمام زبانیں بولنے والوں اور تمام طبقات کا شہر ہے ۔اس شہر کی معاشی ،سماجی اور تجارتی ترقی کا راز عوامی اتحاد اور بھائی چارے اور یگانگت میں مضمر ہے ۔انھوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور انھیں اپنی آنے والی نسلوں کے لئے امن واستحکام کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے متحد ہوکرکھڑا ہونا پڑیگا۔انھوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ شہری منفی لوگوں سے ہمیشہ کے لئے چھٹکارا حاصل کرلے۔ جبری ووٹ لینے والوں نے قتل وغارت گری اور بھتہ خوری کے سوا اور کچھ نہیں کیا۔انھوں نے کہا کہ لائنزایریا کے مسائل اوریہاں کے مکینوں کی آباد کاری کا عمل یہاں کے مقامی لوگوں کی خواہش کے مطابق ترجیحی بنیاد پر جلد شروع کیا جائے گا۔اس موقع پر اپنے خطاب میں بلدیہ شرقی میں لیڈر آف اپوزیشن ذوالفقار قائم خانی نے کہا کہ کراچی کے عوام گواہ ہیں کہ آمریت کے دور میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی نے عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھی جس کی پاداش میں فوجی ڈکٹیٹروں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر کوڑے برسائے، انھیں جیلوں میں قید کرکے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور سینکڑوں کارکنوں کو پھانسی دی گئی لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کو اس کے عوامی منشور سے کوئی نہیں ہٹاسکا۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو بیوقوف سمجھنے والے اور اسلحے کے زور پر یرغمال بنانے والے آج دیکھ لیں کہ ظلم کی سیاہ رات ختم ہوچکی اور اب کسی کواسلحے کے زور پر یرغمال نہیں بننے دیا جائے گا۔ اس موقع پر محمد کلیم، نعمان علی، ارسلان، محمد زاکر بھائی، زیشان، ماجد، محمد جاوید، تحسین مشرف حسین، افسر علی، محمد شہزاد اور اکبر رئیس نے اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔سعید غنی اور ذوالفقار قائم خانی نے شمولیت کرنے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی کی نمائندہ سیاسی قوت بنے گی ۔ رابطہ آفس کے افتتاح کے موقع پر علاقہ معززین، علاقے کے عوام اور بڑی تعداد میں پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -