لیڈی ہیلتھ ورکرزنے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہراحتجاج ختم کردیا

لیڈی ہیلتھ ورکرزنے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہراحتجاج ختم کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے تنخواہوں کی یقین دہانی کے بعد لیڈی ہیلتھ ورکرزنے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر سے اپنا احتجاج ختم کردیاہے ۔پیرکولیڈی ہیلتھ ورکرز نے تنخواہیں نہ ملنے پر چیف منسٹر ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ وہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کرنا چاہتی تھیں ۔ پہلے وزیر اعلیٰ سندھ نے ان سے ملاقات سے انکار کر دیا اور کہاکہ جب تک روڈ بلاک رہے گا ، لیڈی ہیلتھ ورکرز سے بات چیت نہیں ہو گی ۔ جب لیڈی ہیلتھ ورکرز نے روڈ ٹریفک کے لیے کھول دیا تو وزیر اعلیٰ سندھ نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کے 9 رکنی وفد کو ملاقات کے لیے چیف منسٹر ہاؤس کے اندر بلا لیا ۔ وہاں وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو اور سیکرٹری محکمہ صحت ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو بھی موجود تھے ۔ سیکرٹری محکمہ صحت نے بتایا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تنخواہیں آج جاری کر دی گئی ہیں ۔ کل انہیں مل جائیں گی ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے لیڈی ہیلتھ ورکرز سے کہا کہ وہ اپنا احتجاج ختم کر دیں کیونکہ ان کا مسئلہ حل ہو گیا ہے ۔ وزیر اعلی سندھ سے کامیاب مذاکرات کے بعد لیڈی ہیلتھ ورکرز نے اپنا احتجاج ختم کر دیا ۔ وزیر اعلیٰ نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ انہیں آئندہ جمعہ تک ہر حال میں تنخواہیں مل جائیں گی ۔ وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری محکمہ صحت کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ساتھ ملاقات کرکے ان کے دیگر مسائل بھی حل کرے ۔