پیپلز پارٹی کھنڈرات پرحکومت کررہی ہے

پیپلز پارٹی کھنڈرات پرحکومت کررہی ہے

  

اسلام آباد(آئی این پی) مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ میں کھنڈرات اورکرپشن پرحکومت کررہی ہے، جو کرپشن کرتا ہے پیپلز پارٹی اس کو اپنا لیتی ہے،کے پی اورسندھ کے ناکام حکمران شہبازشریف کوحکومتیں ٹھیکے پر دے دیں،آصف زرداری اوربلاول بھٹو کا پارلیمنٹ میں آنا تفریح طبع کیلئے اچھا رہے گا۔ وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں کھنڈر اورکرپشن پرحکومت کررہی ہے،کھنڈر اورکرپشن پرحکومت کرنیوالے لوگ ہم سے جواب مانگتے ہیں،پیپلز پارٹی نے کرپشن کو نہیں چھوڑنا،جو کرپشن کرتا ہے پیپلز پارٹی اس کو اپنا لیتی ہے، ڈاکٹر عاصم کی مثال سب کے سامنے ہے، جب تک پیپلز پارٹی ایسا کرتی رہے گی آنیوں جانیوں سے کچھ نہیں ہوگا۔سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ کے پی اورسندھ کے ناکام حکمران ایک سال کیلئے شہبازشریف کوحکومتیں ٹھیکے پر دے دیں ہم حالت درست کر دیں گے اور اس کا کریڈٹ بھی نہیں لیں گے، اور اس سے یہ بھی 2018کے الیکشن میں عوام کا سامنا کرنے کے قابل ہو جائیں گے، آصف زرداری اوربلاول بھٹو کا پارلیمنٹ میں آنا تفریح طبع کیلئے اچھا رہے گا۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -