دبئی، ایک گھنٹے میں خاتون کی ٹریفک قانون کی 19 بارخلاف ورزی

دبئی، ایک گھنٹے میں خاتون کی ٹریفک قانون کی 19 بارخلاف ورزی

  

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ عرب امارات کے سیاحتی اور تجارتی مرکز دبئی میں یورپی ملک سے تعلق رکھنے والی خاتون ڈرائیور نے ایک گھنٹے میں ٹریفک قانون کی خلاف ورزیوں کے تمام سابقہ ریکارڈ ہی توڑ ڈالے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق بار بار ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کی مرتکب غیرملکی خاتون ڈرائیور کو پولیس نے حراست میں لیا تو اس نے کہا کہ ’وہ نفسیاتی دباؤ‘ کا شکار ہے اور اس کا ’موڈ خراب‘ ہے۔دبئی ٹریفک پولیس کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر سیف مہیر المزروعی نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون کو ٹریفک قانون کی خلاف ورزی پر چالان مرکزی شاہراہ الشیخ زاید پر 220 سے 240 کلو میٹر کی رفتار سے گاڑی چلانے پر کیے گئے ہیں۔اخبار’البیان‘ کے مطابق ایک گھنٹے میں 19 بار ٹریفک قانون کی خلاف ورزی پر چالان کا یہ منفرد واقعہ ہے۔ یہ اس لیے بھی دلچسپ ہے کہ اس خلاف ورزی کی مرتکب ایک خاتون ہوئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک قانون کی بار بار خلاف ورزی کرنے والی خاتون کو حراست میں لیا گیا تھا۔ اسے پوچھ تاچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے۔ خاتون کا کہنا تھا کہ اس کا موڈ خراب تھا اور وہ اپنا نفسیاتی معائنہ کرانے اسپتال جانا چاہتی تھی۔دبئی ٹریفک پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ 200 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زاید کی رفتار میں گاڑی چلانے پر 1000 درہم جرمانہ اور دو ماہ کے لیے گاڑی ضبط کی جاتی ہے۔ خلاف ورزی کا سلسلہ بار بار ہو تو گاڑی تین سال کے لیے ضبط کی جاسکتی ہے۔

ٹریفک قانون

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -