فیڈریشن انٹرنیشنل کرکٹرز کا پی ایس ایل کو پہلا جھٹکا،کھلاڑیوں کو فائنل لاہور میں نہ کھیلنے کا مشورہ دیدیا

فیڈریشن انٹرنیشنل کرکٹرز کا پی ایس ایل کو پہلا جھٹکا،کھلاڑیوں کو فائنل ...
فیڈریشن انٹرنیشنل کرکٹرز کا پی ایس ایل کو پہلا جھٹکا،کھلاڑیوں کو فائنل لاہور میں نہ کھیلنے کا مشورہ دیدیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)فیڈریشن انٹرنیشنل کرکٹرز نے پی ایس ایل کو پہلا جھٹکا دیدیا ۔ فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ غیرملکی کھلاڑی پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے لاہور نہ جائیں ۔ پاکستان میں سیکیورٹی کی گارنٹی نہیں ہے۔ یہاں کھیلنے سے کرکٹرز کی بیمہ پالیساں ختم ہوسکتی ہیں۔

 فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن نے اپنی رپورٹ میں تجویز دی ہے کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پرغیر ملکی کھلاڑی لاہور میں منعقد ہونے والے 2017 کے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں شرکت سے گریز کریں۔ایف آئی سی اے کی رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی اب بھی کافی مسئلہ ہے اور کھلاڑیوں کی سکیورٹی اور سیفٹی کی گارنٹی نہیں دی جاسکتی۔کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ضرور اپنی بیمہ پالیسیاں دیکھیں کیونکہ ہو سکتا ہے کہ ان کی بیمہ پالیسیاں پاکستان میں کھیلنے سے ختم ہو جائیں۔

 رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اب بھی دہشت گرد کارروائیاں ہو رہی ہیں اور مغربی ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو ماضی میں براہ راست نشانہ بنایا گیا ہے۔ اور حکومتی ایجنسیوں اور سفارتی حلقوں کی جانب سے جاری کی جانے والی ایڈوائزری کے مطابق ایسے حملے جاری رہنے کے امکانات ہیں۔

یاد رہے کہ ایف آئی سی اے کے پاس یہ اختیارات نہیں ہیں کہ وہ کسی کھلاڑی کو کسی بھی ملک میں کھیلنے سے روک سکے تاہم اس کی رپورٹ تمام کھلاڑیوں، ایجنٹوں اور کھلاڑیوں کی ایسوسی ایشنز کو بھیجی جاتی ہے۔

 فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرزایسوسی ایشن (ایف آئی سی اے) کی تازہ رپورٹ ایسے وقت آئی ہے جب چند روزقبل ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ رواں سال ہونے والی دوسری پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔

مزید :

کھیل -