پانامہ لیکس میں وزیراعظم کی ساکھ پر سوالیہ نشانات اٹھ گئے ہیں،عمران خان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ پانامہ لیکس میں وزیراعظم کی ساکھ پر سوالیہ نشانات اٹھ گئے ہیں۔پانامہ لیکس انکشافات میں وزیراعظم اور ان کے بچوں کے خلاف ثبوت آگئے ہیں۔ نوازشریف اورانکے بچوں کا نام آیا توہم نے جواب طلب کیا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ بولنا چھوٹی موٹی چیز نہیں ہے۔دوسرے ملکوں میں جھوٹ بولنے پر استعفے دے دیئے جاتے ہیں۔وزیراعظم کا معیار عام شہری سے اونچا ہوتا ہے کیونکہ وہ عوام کے پیسے کا رکھوالی ہوتا ہے۔وزیراعظم نوازشریف نے پارلیمنٹ میں لکھی ہوئی تقریرکی ،نوازشریف نے پہلی مرتبہ تسلیم کیاکہ انکے بچوں کی جائیداد بیرون ملک میں ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ 2012میں مریم نوا ز نے انٹرویومیں کہا کہ انکی اورانکے خاندان کی بیرون ملک کوئی پراپرٹی نہیںہے۔قرضے لیکر اداروں کے قرضے اتارے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ جدوجہد اس لئے کررہے ہیں کہ پاکستان کے ادارو ں کو مضبوط ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ٹیکس کولیکشن کیسے بڑھے گی جب ملک کا وزیراعظم ہی کرپٹ ہوگا۔سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ ڈاکوﺅں کا احتساب ہونا چاہیے جب تک احتساب نہیں ہوتا انصاف نہیں مل سکتا ہے۔ سپریم کورٹ کے صادق اور امین کے ریمارکس پرعمران خان نے کہا کہ بے شک 62,63 سے کوئی بھی سیاستدان نہ بچے ملک تو بچ جائے گااگرمیں بھی اس میں فٹ نہیں آتا تو مجھے بھی پارلیمنٹ میں نہیں رہنا چاہیے۔