طیارے کے میزائل سے تباہ ہونے کاامکان بھی ہوسکتا ہے،یوکرین

طیارے کے میزائل سے تباہ ہونے کاامکان بھی ہوسکتا ہے،یوکرین

  



کیف(آن لائن) یوکرینی حکام نے کہا ہے کہ ایرانی حدود میں ان کے مسافر بردار طیارے کی تباہی کے بعد تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے جس میں کسی حملے اور میزائل سے نشانہ بنائے جانے کے امکانات بھی شامل ہیں۔بدھ کے روز یوکرین کا مسافر بردار بوئنگ 737 جیسے ہی تہران کے امام خمینی ایئرپورٹ سے اڑا تو کچھ منٹوں بعد اس کا رابطہ منقطع ہوگیا اور حیرت انگیز طور پر طیارے کے عملے نے مدد کا کوئی پیغام نہیں بھیجا۔ اس حادثے میں عملے کے افراد سمیت 176 مسافر لقمہ اجل بنے تھے۔ یہ سانحہ اس وقت پیش آیا جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔واضح رہے کہ طیارے کی پرواز سے چند گھنٹوں قبل ایران نے عراق میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر درجنوں میزائل داغے تھے تاہم یوکرینی حکام کے مطابق یہ ان کا بہترین طیارہ تھا، جس کا عملہ سب سے مستعد تھا اور اچانک طیارے کا تباہ ہوجانا کسی معمے سے کم نہیں۔ایرانی حکام کے ابتدائی بیان کے مطابق طیارے کے انجن میں آگ لگی تھی جس کے بعد وہ زمین پر گرا تاہم یوکرینی صدر وولودمیر زیلنکسی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہمیں تمام ممکنہ وجوہات پر تفتیش کرنی چاہیے۔دوسری جانب اردن کے ایک اخبار ’الحدث‘ کی ویب سائٹ نے یہ خبردی تھی کہ ایرانی فضائیہ کا کوئی میزائل غلطی سے طیارے کولگا جس کے بعد یہ حادثہ پیش آیا۔ اس کے جواب میں ایرانی افواج کے ترجمان جنرل ابولفضل شاکرچی نے ان تمام باتوں کو لغو اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ایران کے خلاف ’نفسیاتی جنگ‘ قرار دیا۔

یوکرین

مزید : صفحہ آخر


loading...