انٹرنیشل کانفرنس 2020کا افتتاح، وزیراعلی عثما ن بزدار کا ڈینگی کیخلاف جدو جہد جاری رکھنے کا اعلان 

  انٹرنیشل کانفرنس 2020کا افتتاح، وزیراعلی عثما ن بزدار کا ڈینگی کیخلاف جدو ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے انٹرنیشنل کانفرنس برائے ڈینگی2020 کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈینگی مچھر سے پاکستان ہی نہیں بلکہ بہت سے ممالک متاثر ہو چکے ہیں، ڈینگی کے خاتمے اور بچاؤ کیلئے ہماری جدوجہد جاری ہے،  کانفرنس کا مقصد بھی یہی ہے کہ ڈینگی سے نمٹنے کیلئے تسلسل کے ساتھ اقدامات کو جاری رکھا جائے،متحرک اور فعال پالیسی کے ذریعے ڈینگی سے نمٹنے کیلئے ہماری کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی اور مجھے یقین ہے کہ یہ بین الاقوامی کانفرنس ڈینگی کے تدارک کیلئے ایک گیم چینجر ثابت ہوگی، انٹرنیشنل ڈینگی کانفرنس میں سیرحاصل گفتگو اور مباحثے ضرور ثمرآور ہوں گے اور انشاء اللہ ہم رواں برس ڈینگی کے تدارک کیلئے مزید موثر اقدامات اٹھائیں گے۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر حکومت پنجاب کے زیراہتمام انٹرنیشنل کانفرنس برائے ڈینگی2020 میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، مشیر صحت حنیف پتافی، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان، غیرملکی ماہرین، محققین،محکمہ صحت کے حکام، سیکرٹریز،میڈیکل کالجز کے وائس چانسلرز، ڈاکٹرز اور سائنسدانوں نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدارنے کہا کہ ڈینگی مچھر سے پاکستان ہی نہیں بلکہ بہت سے ممالک متاثر ہو چکے ہیں۔ ڈینگی کے خاتمے اور بچاؤ کیلئے ہماری جدوجہد جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کی ہیلتھ اور سیفٹی کیلئے اخلاقی، مالی اور انتظامی سپورٹ فراہم کرے جبکہ متعلقہ محکموں کا فرض ہے کہ وہ موثر اور جانفشانی سے وضع کر دہ پلا ن پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ہم ڈینگی کے خلاف فائر فائٹنگ یا وقتی اقدامات کرنے کی بجائے مستقل پلاننگ کر رہے ہیں اور ہمارا مشن ہے کہ نئے پاکستان میں سب شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے ارکان اسمبلی اور سیاسی شخصیات کی خدمات ہر طرح قابل تحسین ہیں۔ ڈینگی کے خلاف مہم میں سول سوسائٹی کا کردار بھی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت کا تحفظ بھی فلاحی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ عوام کو صحت کی معیاری سہولتیں بہم پہنچانے کیلئے ہر طرح یکسو اور پرعزم ہیں۔شہریوں کو صحت مند ماحول اور صاف ستھری فضا فراہم کرنا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا وژن ہے۔ ڈینگی اور اس جیسی ہلاکت خیز بیماریوں سے بچاؤ اور انکا پیشگی سدباب حکومت پنجاب کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ ڈینگی کے منفی اثرات کو کم از کم کی حد تک لانا چاہتے ہیں۔ افتتاحی تقریب سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالانے بھی خطاب کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سینئر صحافی و روزنامہ ”جنگ“ راولپنڈی کے اسسٹنٹ ایڈیٹر سید شمس رضوی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول