حکومت گڈز ٹرانسپورٹروں کے مسائل حل کرے: تاجر الائنس

حکومت گڈز ٹرانسپورٹروں کے مسائل حل کرے: تاجر الائنس

  



کراچی (یواین پی) صدرکراچی تاجر الائنس و بانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے کہا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹروں کی ہڑتال سے جہاں ملک کا معاشی نقصان ہورہا ہے وہیں ترسیلات زر مکمل طور پر ختم ہوگئی ہے، ہڑتال کیوجہ سے روزمرہ کی ضرورت کی اشیاء کی مختلف شہروں میں شدید قلت ہو گئی ہے، تاریخ گواہ ہے کہ کسی دورحکومت میں ایسے بحران قوم نے نہیں دیکھے جو تحریک انصاف کی حکومت میں دیکھنے کو مل رہے ہیں، بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا اور مہنگائی کو آسمانوں تک پہنچادیا گیا ہے اشیائے ضروریہ ایک عام انسان کی پہنچ سے بہت دور ہو گئی ہیں، ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے تاجر الائنس کے دفتر میں مختلف کاروباری شخصیات سے ملاقات کے دوران کیا، ایاز میمن موتی والا کا کہنا تھا کہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنے جائز مطالبات کے حق کے لیئے بھی احتجاج یا ہڑتالیں کرنا پڑتی ہیں، گزشتہ تین روز سے گڈز ٹرانسپورٹروں نے وفاقی حکومت کی زیادتیو ں اور نا انصافیوں سے تنگ آ کر ہڑتال کی ہوئی ہے جس سے پورے ملک میں کاروبار مکمل ٹھپ اور ترسیلات زر مکمل طور پر ختم ہوگئی، ایسی صورتحال میں ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ وفاقی حکومت ملکی و قومی مفاد کی خاطر فی الفور ٹرانسپورٹروں کے وفد سے ملاقات کرتا اور ان کے مطالبات سنے جاتے اور ملک کی معاشی ترقی و بہتری کی خاطر ان کے تمام جائز مطالبات کومان کر ہڑتال ختم کروائی جاتی اور کاروبار کو بحال کیا جاتا لیکن شدید افسوس کی بات ہے کہ تین دن سے گڈز ٹرانسپورٹر ہڑتال پر ہیں اور حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگی، انہوں نے کہا کہ عوام کو ترقی اور تبدیلی کے نعروں سے بیوقوف بنا کر تحریک انصاف نے اقتدار تو حاصل کر لیا لیکن گزشتہ دیڑھ سال میں عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دیا، موجودہ حکومت اور گزشتہ حکومت کا اگر موازنہ کیا جائے تو گزشتہ حکومت کی کارکردگی بہت بہتر تھی۔

، انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی وزراء عوامی مسائل کو حل کرنے کی بجائے عیاشیوں میں لگے ہوئے ہیں، جو حکومتیں عوامی مسائل کو حل نہیں کرتیں وہ تاریخ کا حصہ بن جاتی ہیں اور اگر تحریک انصاف نے یہی روش اپنائے رکھی تو وہ وہ د ن دور نہیں جب تحریک انصاف کی حکومت بھی تاریخ کے اوراق میں گم ہو جائے گی۔ 

مزید : کامرس