کسی بھی حریف کو مات دے سکتے ہیں بری ٹیمیں پاکستان آکر کھیلیں، قومی ویمنز کپتان

  کسی بھی حریف کو مات دے سکتے ہیں بری ٹیمیں پاکستان آکر کھیلیں، قومی ویمنز ...

  



کراچی(یواین پی)قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کو ہرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین شرٹس کسی بھی حریف کو مات دے سکتی ہیں تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ بڑی ٹیمیں پاکستان آکر کھیلیں تاکہ ان کی پلیئرز کو بڑے حریفوں کیخلاف کھیلنے کا آئیڈیا ہو سکے۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے ٹرائنگولر ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی تیاری میں مصروف بسمہ معروف کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ان کی ٹیم جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کو بھی ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے لیکن ان ٹیموں کو پاکستان آکر بھی کھیلنا ہوگا کیونکہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو چکی ہے۔انہوں نے سری لنکا، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی ٹیموں کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیکیورٹی حالات کی بہتری کے بعد اب کسی بھی ٹیم کو پاکستان آنے سے انکار نہیں کرنا چاہئے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سیکیورٹی اداروں نے لگاتار محنت کے بعد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے انعقاد کو یقینی بنایا ہے۔قومی ویمن کپتان نے انکشاف کیا کہ انگلش ویمن ٹیم کی پلیئرز پاکستان آنے کی خواہشمند تھیں لہٰذا دیگر ٹیموں کو بھی اس بارے میں سوچنا چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ان کا گروپ زیادہ مشکل نہیں اور انہیں کسی بھی حریف کو ہرانے میں مشکل نہیں ہوگی جس کیلئے قومی کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کی سخت کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونا پڑے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی