کراچی‘مہتاب چاؤلہ دوسری ویٹرنز ہاکی لیگ، ناظم آباد مجاہد اور اقبال میموریل کا میچ دو، دو گول سے برابر 

کراچی‘مہتاب چاؤلہ دوسری ویٹرنز ہاکی لیگ، ناظم آباد مجاہد اور اقبال میموریل ...

  



کراچی (این این آئی) مہتاب چاؤلہ دوسری ویٹرنز ہاکی لیگ میں ناظم آباد مجاہد اور اقبال میموریل ویٹرنز کلب کے مابین کھیلا گیا لیگ کا پہلا میچ 2-2 گول سے برابر رہا۔ اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی کے برقی قمقموں کی روشنی میں گزشتہ شب کھیلا گیا لیگ کا پہلا میچ دلچسپ اور سنسنی خیز ثابت ہوا، جو دو، دو گول سے برابر ہوگیا، اقبال میموریل ویٹرنز کلب کی ٹیم نے  لیفٹ آؤٹ مقصود احمد کے گول کی بدولت میچ کے پانچویں منٹ میں ہی ایک گول کی برتری حاصل کرلی، رائٹ آؤٹ عرفان بیگ کی لگائی گئی ہٹ گول پوسٹ سے ٹکراکر واپس آئی جسے ریبا ؤنڈ پر مقصود احمد جال میں پھیکنے میں کامیاب رہے۔ تاہم دوسرے کوارٹر میں ناظم آباد مجاہد کے شاندار موو کے نتیجے میں انکے  لیفٹ ان وحید احمد نے نثار احمد کے خوبصورت پاس کو گول میں تبدیل کرکے حریف ٹیم کی برتری کا خاتمہ کرکے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کردیا۔

جو دوسرے کوارٹر کے اختتام تک قائم رہا۔ تیسرے کوارٹر میں اقبال میموریل کی جانب سے عاطف نور نے پینالٹی کارنر پر گول کرکے اپنی ٹیم کو پھر سے برتری دلاکر مقابلہ 2-1 کردیا انہوں نے یہ گول میچ کے 30 ویں منٹ میں اسکور کیا۔ ناظم آباد مجاہد کی جانب سے لیفٹ آؤٹ ناصر نے میچ کے 36 ویں منٹ میں  گیند کو جال کی راہ دکھا کر مقابلہ 2-2 گول سے برابر کردیا جو میچ کے اختتام تک قائم رہا۔ میچ میں تکریم افتخار اور سید فیصل رضا نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی